Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے لیے آج اعلامیہ کی اجرائی

سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے لیے آج اعلامیہ کی اجرائی

45 اسسٹنٹ موٹر وہیکلس انسپکٹرس کے عہدوں کے لیے درخواستیں طلب
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تین سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے سلسلہ میں کل اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ رکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر متین الدین قادری نے بتایا کہ اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹرس، اسسٹنٹ فار فینانس اور ٹاؤن پلاننگ بلڈنگ انچارج کے عہدوں پر تقررات کیلئے پبلک سرویس کمیشن کل 23ستمبر کو 3 علحدہ اعلامیہ جاری کرے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ میں 45اسسٹنٹ موٹر وہیکلس انسپکٹرس کے عہدوں کیلئے کل سے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 19اکٹوبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 8نومبر کو امتحان منعقد ہوگا۔ اس عہدہ کیلئے میکانیکل انجینئر اور آٹو موبائیل انجینئر اہلیت رکھنے والے امیدوار درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ میں فینانس سے متعلق اُمور کیلئے اسسٹنٹس کی 115جائیدادوں کیلئے دوسرا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ امیدوار 29اکٹوبر تک آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں جبکہ ان عہدوں کیلئے 12نومبر کو امتحان منعقد ہوگا۔ بی کام گریجویٹ اور کمپیوٹر کے ماہر امیدوار ان جائیدادوں کیلئے اہل ہوں گے۔ ٹاؤن پلاننگ میں بلڈنگ اوورسیز کی123  جائیدادوں کیلئے چہارشنبہ سے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ 19 اکٹوبر تک درخواستیں قبول کی جائیںگی جبکہ امتحان 29نومبر کو منعقد ہوگا۔ سیول میں ڈپلوما، بیچلر آف آرکیٹکچر اور اس کے مماثل ڈگری رکھنے والے امیدوار ان جائیدادوں کے اہل ہوں گے۔ ڈاکٹر متین الدین قادری نے بتایا کہ تمام جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلگو میڈیم طلبہ کیلئے جنرل اسٹڈیز کا پرچہ تلگو میں فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اردو میڈیم طلبہ کیلئے اردو زبان میں پرچہ کی فراہمی کیلئے کمیشن سے نمائندگی کی گئی ہے اور کمیشن اپنے آئندہ اجلاس میں اس مسئلہ کا جائزہ لے گا۔

TOPPOPULARRECENT