Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن

سرکاری ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن

تلنگانہ این جی اوز قائدین کی چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات
حیدرآباد 15 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی سرکاری ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی جاریہ ماہ کے اختتام تک یکسوئی کرنے کا چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ٹی این جی اوز یونین قائدین پر مشتمل وفد کو واضح تیقن دیا ہے اور چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت ملازمین دوست ہے۔ تلنگانہ این جی اوز یونین کے وفد نے مسٹر کے رویندر ریڈی صدر ٹی این جی اوز یونین کی قیادت میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کی تھی۔ وفد میں اعزازی صدر مسٹر جی دیوی پرساد، مسٹر ایم اے حمید جنرل سکریٹری تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین و دیگر شامل تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی این جی اوز یونین کے قائدین نے دو سال قبل علیحدہ ریاست تلنگانہ کے مطالبہ پر سرکاری ملازمین کی جانب سے 42 روزہ منظم کردہ عام ہڑتال کے ایام کو خصوصی رخصت تصور کرتے ہوئے منظوری دینے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور آئندہ سال 23 اور 24 جنوری کو ورنگل میں منعقد کئے جانے والے آل انڈیا گورنمنٹ ویمن ایمپلائیز فیڈریشن کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی وفد نے چیف منسٹر سے خواہش کی جس پر مسٹر چندرشیکھر راؤ نے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔ بعدازاں مذکورہ قائدین نے بتایا کہ آبپاشی پراجکٹس اور گریجن ایجنسی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کیلئے زائد ایچ آر اے (ہاؤز رینٹ الاؤنس) فراہم کرنے کے علاوہ آئی ٹی آئیز (انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس) کے طلباء کو دوپہر کے کھانے کی اسکیم متعارف کرکے روبہ عمل لانے سے بھی چیف منسٹر کے سی آر نے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو فوری طور پر ہدایات دینے کا تیقن دیا۔ ان قائدین نے کہاکہ آئندہ سال 23 تا 24 جنوری ورنگل میں منعقد ہونے والے دو روزہ آل انڈیا گورنمنٹ ویمن ایمپلائیز فیڈریشن کی کانفرنس کا چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ افتتاح کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT