Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / سرکاری و خانگی اسکولوںکو آج سے گرمائی تعطیلات

سرکاری و خانگی اسکولوںکو آج سے گرمائی تعطیلات

12جون سے کشادگی، شدید گرمی کی لہر کے سبب چیف منسٹر کی ہدایت پر محکمہ تعلیمات کا اعلان

حیدرآباد۔19اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر کے سبب محکمہ تعلیم نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر 22اپریل سے شروع ہونے والی گرمائی تعطیلات کو 20اپریل سے دینے کا اعلان کردیا ۔ کمشنر محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے بعد تلنگانہ میں 20اپریل 2017سے ہی گرمائی تعطیلات شروع ہو جائیں گی جو 11جون تک جاری رہیں گی۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام سرکاری و خانگی اسکولوں کو فوری اثر کے ساتھ تعطیلات دیا جانا لازمی ہے اور اسکولوں کی دوربارہ کشادگی 12جون کو ہی ہوگی۔ اس دوران اسکولوں میں کسی طرح کی کوئی سرگرمیاں انجام نہیں دی جائیں گی اور نہ ہی ان سرگرمیوں کو برداشت کیا جائے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ شدید گرمی کی لہر کے انتباہ کے بعد چیف منسٹر نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے تمام اسکولوں کو قبل از وقت گرمائی تعطیلات دینے کی ہدایت جاری جس پر محکمہ تعلیم نے فوری اثر کے ساتھ احکام جاری کرتے ہوئے تمام ضلع ایجوکیشن عہدیداروں کو سرکولر جاری کردیا اور 20اپریل سے ہی تمام اسکولوں کو بندکردینے کے احکام دیئے گئے۔ ریاست تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے ریاست کے تمام اضلاع کے ضلع کلکٹرس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں اور ان احتیاطی تدابیر میں سب سے اہم اسکولی طلبہ کو شدید دھوپ کے وقت گھروں سے نکلنے سے روکنا بھی شامل ہے اسی لئے تمام اسکولوں کو قبل از وقت تعطیلات دیئے جاچکے ہیں۔ ریاستی حکومت کے احکامات کے متعلق محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایاکہ ریاست تلنگانہ میں گرمائی تعطیلات کے دوران اگر کوئی اسکول کو جاری رکھا جاتا ہے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی کیونکہ تعطیلات قبل از وقت دیئے جانے کا مقصد بچوں کو گھروں سے دھوپ کے وقت نکلنے سے روکنا ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیدار نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں خانگی اسکولوں کو تعطیلات کے دوران بھی کھلا رکھنے اور خصوصی کلاسس کے نام پر بچوں اور اساتذہ کو طلب کئے جانے کی شکایات موصول ہورہی تھی اور ان شکایات کی بنیاد پر کئے گئے فیصلہ کے مطابق گرمائی تعطیلات کے آغاز کے ساتھ ہی منڈل واری اساس پر محکمہ کے عہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے اسکولوں کو تعطیلات کی فراہمی کی تفصیلات اکٹھا کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے اور ااگر کوئی اسکول تعطیلات کے دوران خدمات انجام دے اور اساتذہ کو طلب کرے تو ایسی صورت میں ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT