Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / سرینواسن آئی سی سی کے عہدہ سے برطرف

سرینواسن آئی سی سی کے عہدہ سے برطرف

ممبئی ۔9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی نے این سری نواسن کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) صدارت ختم کر دی ہے اور ان کی جگہ بی سی سی آئی کے نئے صدر ششانک منوہر کو نامزد کیا ہے۔ سری نواسن کے علاوہ دوسرے اہم عہدیداروں کو بھی ان کے عہدے سے ہٹایا دیاگیا ہے جبکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم  کے سابق کپتان سورو گنگولی کو آئی پی ایل کی گورننگ کونسل میں شامل کیاگیا ہے۔ ممبئی میں آج  بی سی سی آئی کے سالانہ اجلاس میں سری نواسن کو آئی سی سی سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل انوراگ ٹھاکر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آئی سی سی میں ان کی جگہ اب موجودہ بی سی سی آئی سربراہ ششانک منوہر لیں گے جو  2016 تک یہ عہدہ  سنبھالیں گے۔ آئی پی ایل کی ٹیم چینائی سوپر کنگز کے مالک سری نواسن پر اقتصادی بے ضابطگیوں اور اسپاٹ فکسنگ جیسے سنگین الزامات ہیں تاہم وہ ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔رواں سال کے آغاز میں سپریم کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا کہ وہ مفادات کے تصادم کی وجہ سے بی سی سی آئی کا انتخاب نہیں لڑ سکتے ۔ علاوہ ازیں سری نواسن کے داماد گروناتھ میپّن کو بھی عدالت نے اسپاٹ فکسنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ششانک منوہر نے کہا کہ مفادات کے تصادم کے معاملات کو حل کرنے کے لئے دہلی کے سابق چیف جسٹس اے پی شاہ بی سی سی آئی کے محتسب ہوں گے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ تمام معلومات مکمل شفافیت کے ساتھ بی سی سی آئی کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی اور مکمل سالانہ رپورٹ پہلے ہی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی پی ایل سے منسلک متنازع معاملات کی تحقیقات بورڈ کی سطح پر کی جائے گی۔ پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کے ایک سوال پر ششانک منوہر نے کہا کہ اس کے لئے حکومت سے اجازت لینی پڑے گی اور اسی کی بنیاد پر بورڈ کا فیصلہ ہو گا۔ بی سی سی آئی کے بورڈ کے کام کاج میں پیشہ ور افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ روی شاستری کو بھی آئی پی ایل کی گورننگ کونسل سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ مفادات کے ٹکراؤ کی وجہ سے راجر بنی کو بھی بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی سے دست بردار ہونا پڑا ہے۔تاہم  ان کے بیٹے اسٹیورٹ بنی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے ششانک منوہر نے کہا کہ ان کے کریئر میں کوئی دخل نہیں دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT