Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / سرینگر میں کرفیو جاری، عزاء داروں پر آنسو گیس کا استعمال

سرینگر میں کرفیو جاری، عزاء داروں پر آنسو گیس کا استعمال

سری نگر ، 11اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) گرمائی دارالحکومت سری نگر کے پائین شہر میں منگل کو کرفیو کا نفاذ مسلسل پانچویں روز بھی جاری رکھا گیا جبکہ باقی ماندہ علاقوں میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت سخت ترین پابندیوں کا اطلاق اور بیشتر سڑکوں کو خارداروں سے بدستور سیل رکھا گیا۔ دوسری جانب وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے ساتھ شروع ہوئی ہڑتال منگل کو 95 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ دریں اثنا سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے پائین شہر کے خانقاہ معلی (شمس واری خانقاہ) سے پابندیوں کے باوجود برآمد کئے گئے نویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس میں شامل عزاداروں کے خلاف لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔تاہم اس کے باوجود عزادار حبہ کدل جہاں اس ماتمی جلوس کو اختتام پذیر ہونا تھا، پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کو کرفیو کے باوجود درجنوں عزاداروں نے خانقاہ معلی سے علم شریف کا ماتمی جلوس نکالا اور حبہ کدل کی طرف بڑھنے لگے ۔ تاہم سیکورٹی فورسز نے ان عزاداروں کو منتشر کرنے کے لئے پہلے لاٹھی چارج اور بعدازاں آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اطلاعات کے مطابق آنسو گیس کے شدید استعمال کے باوجود ماتمی جلوس کے شرکاء حبہ کدل پہنچے میں کامیاب ہوگئے ۔

TOPPOPULARRECENT