Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکائی کھلاڑیوں کیخلاف شراب نوشی، رسہ کشی کی انکوائری

سری لنکائی کھلاڑیوں کیخلاف شراب نوشی، رسہ کشی کی انکوائری

کولمبو ، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے ٹور میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونے والی سری لنکن کرکٹ ٹیم کو دورے میں گروہ بندیوں اورشراب نوشی سمیت ’غیرذمہ دارانہ طرزعمل‘ پر تحقیقات کا سامنا ہے۔ سری لنکا کے وزیر کھیل دایا سری جایاسیکرا نے کہا کہ انھیں کھلاڑیوں کی پارٹیوں میں شراب نوشی کی تصاویر موصول ہوئی ہیں۔ انھوں نے نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’’یہ توہین آمیز رویہ ہے‘‘۔ وزیر موصوف نے کہا: ’’کھلاڑی شراب کی محفلوں میں نہ صرف رات دیر گئے تک شریک رہے بلکہ ان کے آپس میں گروہ بندی اور رسہ کشی بھی نمایاں ہوئی‘‘۔ سری لنکن ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ پر ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈ چمپئن کی حیثیت سے گئی تھی لیکن واپسی میں تیسری پوزیشن پر آگئی جبکہ ٹسٹ سیریز میں میں بھی 0-2 اور ونڈے سیریز میں 1-3 سے شکست کا شکار ہوئی ۔ وزیر کھیل نے کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کی واپسی پر کھلاڑیوں سمیت بورڈ کے نئے صدرتھیلنگا سماتھیپالا سے ملاقات کروں تاکہ معلوم کیا جائے کہ معاملات کیا تھے‘‘۔

 

پہلا انٹرنیشنل تلنگانہ کائٹ فسٹیول
آغا خان اکیڈیمی میں افتتاح
حیدرآباد ، 14 جنوری (ای میل) پہلے تلنگانہ انٹرنیشنل کائٹ فسٹیول کی آج یہاں آغا خان اکیڈیمی میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اشونی کمار سکریٹری حیدرآباد اولمپک اسوسی ایشن ایگزیکٹیو ممبر کی اطلاع کے بموجب اس ایونٹ میں بی وینکٹیشم معتمد برائے حکومت تلنگانہ (محکمہ سیاحت و ثقافت)، وزیر سیاحت چندولال، سربراہ آغا خان اکیڈیمی ڈاکٹر فیشر اور ٹیبل ٹینس اسٹار نائنا جیسوال نے حصہ لیا۔
وارنر دوسری بیٹی کے باپ بن گئے
سڈنی ، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جارحانہ آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے آج سوشل میڈیا کے گوشہ ’اِنسٹاگرام‘ کے ذریعہ اپنی دوسری اولاد کی پیدائش کا اعلان کیا، جو شریک حیات کینڈیس کو تولد ہوئی لڑکی ہے۔ اس بیٹی کا نام اِنڈی رے رکھا گیا ہے۔ وارنر اور کینڈیس کو 16 ماہ کی بیٹی آئیوی مائی ہے۔

TOPPOPULARRECENT