Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا میں آسٹریلیا کا وائٹ واش ہوگیا

سری لنکا میں آسٹریلیا کا وائٹ واش ہوگیا

اسمتھ کی عالمی نمبر 1 ٹیم نے تیسرا ٹسٹ بھی ہارا ۔ میزبان اسپنر ہیراتھ کو میچ اور سیریز کے ایوارڈز
کولمبو ، 17 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے کسی بڑی کرکٹ قوم کے مقابل آج اپنا پہلا سیریز وائٹ واش مکمل کیا جیسا کہ انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرا و آخری ٹسٹ 163 رنز سے جیت لیا جس میں اسپنر رنگنا ہیراتھ نے 7/64 کے اعداد وشمار درج کرائے۔ سنہالیز اسپورٹس کلب (ایس ایس سی) میں اپنی دوسری اننگز میں 324 کا مشکل ٹارگٹ مقرر ہونے پر عالمی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم پانچویں روز دوپہر کے سیشن میں بکھر گئی اور 160 پر آل آؤٹ ہوئی۔ یہ لگاتار تیسری مرتبہ ہے کہ آسٹریلیا والے بیرون ملک کی سیریز میں برصغیر کی ٹیموں کے خلاف اپنے تمام ٹسٹ ہار گئے۔ اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور شان مارش نے صبح کے سیشن میں تیز شروعات کے ساتھ آسٹریلیا کو ڈھارس بندھانے والی جیت کی امید دلائی لیکن جیسے ہی اُن کی پارٹنرشپ ٹوٹی، دورہ کنندگان تیزی سے بکھرگئے۔ آف اسپنر دلروان پریرا نے لنچ سے عین قبل کامیابی حاصل کرتے ہوئے مارش کو 23 پر پویلین واپس بھیجا، جنھوں نے کولمبو ٹسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی۔ جلد ہی ہیراتھ نے ساتھی اسپنر سے باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لی اور آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ (8) اور سینئر بیٹسمن آڈم ووجس (1) کو یکساں اوور میں آؤٹ کردیا۔ وارنر جنھوں نے اپنے 68 رنز کیلئے چھ چوکوں اور ایک چھکے کیساتھ اچھی بیٹنگ کی، پریرا کی دوسری بڑی وکٹ ثابت ہوئے۔ ہیراتھ جو پہلی اننگز میں چھ وکٹس لے چکے تھے، بعدازاں آسٹریلیائی مڈل اور لوور آرڈر کو تہس نہس کرتے چلے گئے کیونکہ مہمان بیٹسمنوں کے پاس اُن کی لیفٹ آرم اسپن کا کچھ جواب نہ تھا۔ 38 سالہ اسپنر نے ناتھن لیون کی آخری وکٹ لی جس کے ساتھ ہی سری لنکن کیمپ میں زبردست جشن شروع ہوگیا۔ ہیراتھ کو میچ اور سیریز دونوں کے ایوارڈز ملے۔

قبل ازیں سری لنکا نے 312/8 پر احیاء کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز 347/8 پر ڈیکلیر کردی جس میں کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمن دھننجے ڈی سلوا 65 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اپنا تیسرا ہی ٹسٹ کھیلتے ہوئے دھننجے نے اپنی 74 گیندوں کی اننگز کے دوران 10 باؤنڈریاں لگائے جبکہ پہلی اننگز میں وہ سنچری اسکور کئے تھے۔ کوشل سلوا کے مزاحمت سے بھرپور 115 نے بڑا رول ادا کیا کہ سری لنکا نے 1981ء میں ٹسٹ درجہ پانے کے بعد سے کسی بڑی ٹیم کے خلاف اپنی پہلی سیریز سویپ درج کرائی۔ پہلی اننگز میں دنیش چندیمل اور دھننجے نے پُرجوش سنچریاں بناتے ہوئے میزبانوں کا 355 کا معقول اسکور یقینی بنایا تھا۔ آسٹریلیائی اسٹرائک بولر مچل اسٹارک دورہ کنندگان کے بدستور نمایاں پرفارمر رہے جنھیں سیریز میں 24 وکٹیں حاصل ہوئے جن میں تین پانچ وکٹ والے مظاہرے شامل ہیں۔ سری لنکا نے سیریز سے قبل آسٹریلیا کو کسی ٹسٹ میچ میں صرف ایک مرتبہ ہرایا تھا لیکن اس مرتبہ ابتدائی دو ٹسٹ پالیکلے اور گالے میں بہ آسانی جیت لئے اور دارالحکومت میں کام تمام کردیا۔ دونوں ٹیمیں اس ٹور کے لمیٹیڈ اوورز مرحلے میں داخل ہوں گی جس میں پانچ کے منجملہ پہلا ونڈے انٹرنیشنل 21 اگسٹ کو مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT