Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / سری لنکا میں سیلاب کی سنگین صورتحال ، 71 ہلاک

سری لنکا میں سیلاب کی سنگین صورتحال ، 71 ہلاک

لاکھوں بے گھر ، ہندوستان کی بھاری امداد کولمبو پہنچ گئی
کولمبو ۔ 21 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا میں وحشت ناک آندھی ، موسلا دھار بارش کے درمیان سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجہ میں کم سے کم 71 افراد ہلاک اور دیگر 127 لاپتہ ہوگئے ۔ اس جزیرہ نما ملک میں گزشتہ ربع صدی کے دوران یہ سب سے تباہ کن بارش تھی جس سے متاثرہ افراد کو امداد و راحت رسانی کیلئے بشمول ہندوستان دنیا کے دیگر کئی ملکوں سے پیشکش کی گئی ہے ۔ سری لنکا کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی جہاز آئی این ایس سُنینا امدادی سامان کے ساتھ کوچی سے بندرگاہ کولمبو پہونچا ۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ ہندوستان نے گزشتہ شب دو بحری جہاز آئی این ایس سُنینا اور نگرانی کے لئے گشت کرنے والا آئی این ایس ستلج جہاز روانہ کیا تھا ۔ علاوہ ازیں ایک طیارہ سی ۔ 17 ، امدادی کشتیوں ، ان میں استعمال کئے جانے والی موٹرس ، غوط خوری کے آلات ، طبی رسدات ، برقی جنریٹرس اور دیگر ساز و سامان کی بھاری کھیپ کے ساتھ پہونچا ۔ سری لنکا کے صدر مائیتری پالا سری سینا نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سیلاب کے متاثرین کو رہائش ، غذا اور دیگر امداد فراہم کریں اور نقد عطیات دیئے جائیں۔ سری لنکا میں بارش کی تباہ کن صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 22 اضلاع کے پانچ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ تین لاکھ افراد سرکاری پناہ گزین کیمپ کو منگل ہوگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT