Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا نے سیریز 2-0 سے جیت لی

سری لنکا نے سیریز 2-0 سے جیت لی

کولمبو۔26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اسپنرس رنگنا ہیراتھ اور ملنڈا سری وردنا نے 7 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں دوسرے ٹسٹ میں اپنی ٹیم کو 72 رنز کی کامیابی دلوائی۔ اس طرح سری لنکا نے دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔ مہمان ٹیم جس نے آج 20/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور کامیابی کے لئے اسے 244 رنز بنانے تھے لیکن پی سارا اوول میدان میں پانچویں دن کھانے کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہا کہ ہم کامیابی کے قریب پہنچ کر شکست کھاگئے اور دوسری اننگ میں بھی ہم بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کرپائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب کبھی ہم دبائو میں آئے تو میزبان اسپنرس نے وکٹیں حاصل کرنی شروع کیں۔ شکست کے باوجود اس سیریز سے ہمیں فائدہ ہوا ہے۔ سری لنکائی کپتان اینجیلو میتھیوس نے کہا ہے کہ انہیں کسی بھی لمحہ اپنے بولروں کی صلاحیتوں پر تشویش نہیں تھی اور ان میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ کامیابی حاصل کرے۔ میتھیوس نے اعتراف کیا ہے کہ بولروں پر دبائو تھا کیوں کہ اس مقابلہ میں سری لنکائی بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنے بولروں پر پورا یقین تھا جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 80/1 پر بھی کھیل رہی تھی تو انہیں کامیابی کا یقین تھا۔ ہیراتھ کے پاس اتنا تجربہ موجود ہے کہ وہ کسی بھی لمحہ ٹیم کو کامیاب کرواسکتے ہیں۔ ہیراتھ نے 56 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ سری وردنا نے 25 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویسٹ انڈیز کے لئے ڈیرین براو نے تنہا بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 61 رنز اسکور کئے۔

TOPPOPULARRECENT