Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / سری لنکا کو انڈیا کیخلاف 5-0 کی بدترین شکست

سری لنکا کو انڈیا کیخلاف 5-0 کی بدترین شکست

 

کولمبو 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آخری ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سری لنکا کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-5 سے بدترین مات دے دی۔کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں ہندوستان نے 239 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی اور 9 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔کیدار یادؤ نے 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔سری لنکا کی جانب سے لاستھ ملنگا، وِشوا فرنینڈو، مَلنڈا پْشپاکمارا اور وَنِندو ہسارانگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 63 کے مجموعی اسکور پر ہی اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔تاہم پھر لاہیرو تھریمانے اور اینجلو میتھیوز نے 122 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بناتے ہوئے اسکور کو 185 تک پہنچایا، تاہم پھر تھریمانے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔سری لنکا کی پانچویں وکٹ محض 9 رنز کے وقفے سے گری اور اینجلو میتھیوز بھی 55 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد سری لنکا کا کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ پایا اور یوں میزبان ٹیم آخری اوور میں 238 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کی آخری 7 وکٹیں صرف 53 رنز کے اضافے سے گری۔ہندوستان کے بھونیشور کمار نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جسپریت بْمراہ نے 2 جبکہ کلدیپ یادو یووِندرا چاہَل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے بعد سری لنکا کے کپتان اپْل تھرانگا کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے بہت مشکل وقت ہے اور ہم عالمی معیار کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہے۔‘ ہندوستان کی یہ پانچ میچز کی دوسری غیر ملکی سیریز تھی جو اس نے وائٹ واش کی، قبل ازیں اس نے 2013 میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا۔ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سریز بھی 0-3 سے کلین سوئپ کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT