Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / سری لنکا کیخلاف ہندوستان کی 3 -0 سے کلین سویپ

سری لنکا کیخلاف ہندوستان کی 3 -0 سے کلین سویپ

تیسرے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 171 رنوں سے کامیابی ۔ محمد سمیع اور روی چندرن اشون کی شاندار بولنگ
پلیکلے ( سری لنکا )14 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج تیسرے ٹسٹ میں بھی سری لنکا کے خلاف ایک اننگز اور 171 رنوں سے شاندار کامیابی درج کرتے ہوئے سیریز میں 3 – 0 سے کلین سویپ کیا ۔ حالیہ عرصہ کی یہ انتہائی یکطرفہ سیریز کا آج میچ کے تیسرے دن نتیجہ برآمد ہوجانے سے جلد اختتام عمل میں آیا ۔ ہندوستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئے تینوں ہی ٹسٹ میچس میں کوئی بھی میچ پانچویں دن تک نہیں چل سکا ۔ آخری میچ تو سب سے جلد یعنی تیسرے ہی دن ختم ہوگیا ۔ میزبان ٹیم کل فالو آن کے بعد آج اپنی دوسری اننز میں 74.3 اوورس میں 181 رنوں پر ہی ڈھیر ہوگئی ۔ ٹسٹ سیریز میں یہ بہترین کامیابی رہی اور اس سے ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستان کی بالادستی کا سلسلہ بھی برقرار رہا ہے ۔ اب تک ہندوستان نے 20 کامیابیاں حاصل کی ہیں ایک اور ایک میں شکست کے ساتھ پانچ میچس ڈرا ہوئے ہیں۔ ہندوستان کو دو سال قبل سری لنکا کے خلاف سیریز میں گالے ٹسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ ٹسٹ کرکٹ میں ٹاپ رینک رکھنے والی ہندوستانی ٹیم نے اس سیریز میں بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ ہندوستان کیلئے ہاردک پانڈیا کا اپنے کیرئیر کی پہلی ہی سیریز میں شاندار مظاہرہ رہا ۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے ان کی کارکردگی کو اس سیریز کا سب سے مثبت پہلو قرار دیا ہے ۔ کوہلی نے میچ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدہ کھلاڑیوں نے تو کارکردگی دکھائی ہی ہے لیکن ان کے خیال میں ہاردک پانڈیا کی شمولیت اور ان کی کارکردگی اس سیریز کا سب سے مثبت پہلو ہے ۔ ہاردک نے بیٹنگ اور بولنگ میں جس طرح کے اعتماد اور شعور کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ہمیں کافی استحکام اور توازن حاصل ہوا ہے ۔ کوہلی نے وعدہ کیا کہ ان کی ٹیم آئندہ میچس میں بھی اسی جذبہ کے ساتھ کھیلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ ہم ٹسٹ کرکٹ مزید کھیلنے کے منتظر ہیں۔ ہم ہر ٹسٹ میچ کو اسی جذبہ اور جوش کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں اور یہی طریقہ ہے کہ آپ اپنے کھیل میں بہتری اور نکھار پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر میچ سے قبل خود کو تیار کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے کھلاڑی نوجوان ہیں اور ہم کو موقع ہے کہ مزید پانچ تا چھ سال مل کر ملک کیلئے کھیلتے رہیں۔ آج سری لنکا کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 19 رن کے آگے کھیلنا شروع کیا جبکہ کل ہی اسے فالو آن ہوگیا تھا اور ہندوستان کو دوسری باری میں کھیلنے پر مجبور کرنے اسے 352 رنز بنانے تھے ۔ ہندوستان کی جانب سے محمد سمیع اور اومیش یادو نے ابتداء میں سری لنکا کے بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ٹیم کیلئے راہ آسان کردی تھی ۔ سمیع نے 32 رنوں کے عوض دو وکٹس حاصل کئے جبکہ اومیش یادو کو 21 رنوں کے عوض دو وکٹس حاصل ہوئے ۔ بعد میں اسپنرس کلدیپ یادو اور روی چندرن اشون نے مابقی کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ اشون نے 68 رنوں کے عوض چار وکٹس حاصل کئے جبکہ کلدیپ یادو کو 56 رنوں کے عوض ایک وکٹ مل سکی ۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے متاثر کن بولنگ کی اور ان کی رفتار اور نپی تلی گیند بازی نے سری لنکا کے بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا ۔ سمیع نے پہلی اننگز میں دو وکٹس حاصل کئے تھے ۔ لنچ کے وقفہ پر سری لنکا کا اسکور چار وکٹس پر 82 رن تھا ۔ لنچ کے بعد دنیش چنڈیمل 36 رن اور انجیلو میتھیوز 35 رن نے پانچویں وکٹ کی رفاقت میں 65 رنز جوڑے ۔ ان کی رفاقت ہی ہندوستان کیلئے سب سے بڑی مزاحمت رہی جبکہ دوسرے بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ۔ کلدیپ نے چنڈیمل کو آوٹ کرتے ہوئے یہ رفاقت ختم کی ۔ اس کے بعد اشون نے میتھیوز کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا اور پھر سری لنکا کی شکست یقینی ہوگئی ۔ آخری وقتوں میں نروشن ڈک ویلا نے کچھ جارحانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے 41 رن بنائے تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ڈی پریرار کو اشون نے آوٹ کیا اس کے بعد محمد سمیع نے لکشن سندکن کو آٹھ رن پر آوٹ کیا ۔ اس کے بعد اشون نے ایل کمارا کو 10 پر آوٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی پر مہر لگادی ۔

TOPPOPULARRECENT