Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / سری نگر اور سوپور میں آگ کی ہولناک وارداتیں، 15 مکان خاکستر

سری نگر اور سوپور میں آگ کی ہولناک وارداتیں، 15 مکان خاکستر

کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری، شدید دھند اور سردی ، فضائی ٹریفک بدستور معطل

سری نگر ، 21 نومبر (یو ا ین آئی) گرمائی دارالحکومت سری نگر میں پیر کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں قریب دس رہائشی مکانات خاکستر ہوئے اور کروڑوں کی املاک راکھ کر ڈھیر میں تبدیل ہوکر رہ گئی۔   سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے بچھوارہ ڈلگیٹ میں پیر کی صبح ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی جس نے بعدازاں نذدیک میں واقع نو دیگر رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے رسوئی گیس کے سلینڈر پھٹ گئے ، جو غیرمعمولی تباہی کا موجب بنے ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک افسر نے بتایا کہ ہولناک آگ پر قابو پانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں بشمول محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈکوارٹر سے قریب 35 فائر ٹینڈرز روانہ کی گئی تھیں۔ آگ کی اس ہولناک واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی۔ علاقہ میں رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔ عورتیں آہ فغان اور چیخ وپکار کرتی ہوئی نظر آئیں جبکہ مرد فائر سروس کے عملے کی مدد کرتے ہوئے نظر آیے ۔ دریں اثنا شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں پانچ رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ہیں۔دریں اثناء وادی کشمیر میں پیر کے روز بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں مطلع دن بھر ابرآلود رہا اور گہری دھند چھائی رہی ۔ جہاں رات کے درجہ حرارت میں مزید بہتری ریکارڈ کی گئی، وہاں دن میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران چند ایک مقامات پر بارش یا برف باری ہوسکتی ہے ۔ گہری دھند کے باعث سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک پیر کو مسلسل چوتھے روز بھی معطل رہا۔ اطلاع کے بموجب گہری دھند چھائے رہنے کی وجہ سے فضائی ٹریفک آج بھی معطل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ائرپورٹ سے پیر کی صبح نئی دہلی، چندی گڑھ اور جموں کے لئے روانہ ہونے والی سبھی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا کہ  بارش ہونے سے دھند ختم ہوگی اور روشنی میں بہتری آئے گی’۔ اس دوران پروازوں کی منسوخی کے باعث پیر کو مسلسل چوتھے روز بھی سینکڑوں کی تعداد مسافر مایوس ہوکر ہوائی اڈے پر واپس اپنے گھروں کو لوٹ آیے ۔

TOPPOPULARRECENT