Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / سستی شراب ‘ مہنگائی ‘ واٹر گرڈ اسکام مسائل پر جائزہ

سستی شراب ‘ مہنگائی ‘ واٹر گرڈ اسکام مسائل پر جائزہ

حیدرآباد 28 ۔ اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس رابطہ کمیٹی کا 29 اگست کو گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوگا ۔ 31 اگست کو حیدرآباد میں اور یکم ستمبر کو ورنگل میں اقلیتی کنونشن منعقد ہوگا جس میں ڈگ وجئے سنگھ شرکت کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 29 اگست کو گاندھی بھون میں 11-30 بجے دن کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ جس میں حکومت کی سستی شراب پالیسی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ، آبپاشی پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی اور واٹر گرڈ کے اسکام کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائیگی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے کہا کہ 31 اگست کو کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ گاندھی بھون میں 119 اسمبلی حلقوں کے انچارجس اور اہم قائدین کا ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی 21 لاکھ رکنیت سازی ہوئی ہے اس میں مزید اضافہ کرنے کے علاوہ دوسرے مسائل پر غور کیا جائے گا ۔ پرکاشم ہال میں منعقد ہونے والے پروگرام میں سابق رکن اسمبلی مسٹر جگاریڈی دوبارہ پارٹی میں شامل ہونگے ۔ شام میں بنجارہ فنکشن ہال مانصاحب ٹینک پر اور دوسرے دن ورنگل میں اقلیتوں کا کنونشن منعقد ہوگا ۔ دونوں پروگرامس میں ڈگ وجئے سنگھ مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مسائل ٹی آر ایس اور این ڈی اے حکومت کی اقلیتوں سے بے رخی ، انتخابی منشور پر عدم عمل آوری، 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے سے انحراف کے علاوہ دوسرے مسائل پر مسلم نمائندوں اور کانگریس قائدین سے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ ورنگل میں عیسائی طبقہ کے نمائندوں سے علحدہ ملاقات کرینگے ۔ کسانوں کے مسائل پر اجلاس نندنا گارڈن میں منعقد کیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے اقلیتوں و کسانوں کو اجلاس میں شرکت کرکے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT