Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / سستی شراب کیخلاف گجویل کی خواتین کیساتھ احتجاج کا آغاز

سستی شراب کیخلاف گجویل کی خواتین کیساتھ احتجاج کا آغاز

چیف منسٹر کے حلقہ سے تحریک کی منصوبہ بندی، تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کا اعلان
حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے سستی شراب کے خلاف چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے حلقہ اسمبلی گجویل (ضلع میدک) سے ہی خواتین کے ساتھ بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وی پرتاپ ریڈی پارٹی ترجمان تلنگانہ ٹی ڈی پی نے اس بات کا اعلان کیا اور بتایا کہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ تلگو مہیلا کے ساتھ مل کر گجویل کے مقام سے ہی حکومت کی سستی شراب پالیسی کے خلاف تحریک شروع کرے گی۔ انھوں نے حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک طرف عوام پینے کے پانی اور زرعی اغراض کے لئے پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں تو دوسری طرف تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ عوام کو سستی شراب فراہم کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ مسٹر پرتاپ ریڈی نے چیف منسٹر کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ ایک طرف چیف منسٹر واٹر گرڈ کے ذریعہ گھر گھر پانی فراہم کرنے کا اعلان کررہے ہیں تو دوسری طرف سستی شراب کے نام پر گھر گھر شراب فراہم کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ لہذا تلگودیشم پارٹی عوام میں تلنگانہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف بیداری پیدا کرتے ہوئے سستی شراب کے خلاف زبردست تحریک شروع کرے گی۔ انھوں نے تلنگانہ عوام سے اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی پرزور اپیل کی۔ اس موقع پر مسرس امرناتھ بابو، راجہ رام یادو اور مدن موہن قائدین تلگودیشم پارٹی بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT