Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / سست پچوں کیلئے کیوریٹرز کو اسٹراؤس کی ای میل؟

سست پچوں کیلئے کیوریٹرز کو اسٹراؤس کی ای میل؟

لندن۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ای سی بی انگلش ٹیم کے ڈائریکٹر آف کرکٹ اینڈریو اسٹراؤس نے ان رپورٹس سے انکار کر دیا ہے کہ انہوں نے انگلینڈ کے پانچ مختلف کرکٹ گراؤنڈز کے کیوریٹرز کو سست وکٹیں تیار کرنے کیلئے ای میل ارسال کی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق اسٹراؤس نے ایشز ٹسٹ میچوں کی میزبانی کرنے والے پانچ کاؤنٹی گراؤنڈز کے اسٹاف کو ای میل کی تھی کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف ٹسٹ میچز کیلئے تیز کے بجائے سست وکٹیں تیار کریں۔ لیکن انھوں نے ادعا کیاکہ ایشز سیریز کے میچز کیلئے کیوریٹرز سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ ای سی بی نے بھی اس بات سے انکار کیا ہے کہ کیوریٹرز سے ایشز سیریز کیلئے ایسی کوئی درخواست کی گئی تھی۔ اسٹراؤس کی جانب سے اس الزام کی تردید نہیں کی گئی بلکہ انہوں نے انگلش کھلاڑیوں کو آگاہ کیا ہے کہ ان کی جانب سے ایسی کوئی ای میل نہیں بھیجی گئی۔ یہ کوئی راز نہیں ہے کہ سیریز کے ابتدائی دو ٹسٹ میچز کی وکٹوں پر انگلش کیمپ کی جانب سے عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کچھ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کمتر باؤنس کی حامل سست وکٹوں پر کینگروز کو فائدہ مل گیا۔ لارڈز کی بدترین ناکامی کے بعد انگلش کوچ ٹریور بیلس نے بھی کہا تھا کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف روایتی انگلش وکٹیں دیکھنے کے خواہشمند تھے جن پر بیس وکٹیں حاصل کرنے کیلئے ان کے بولرز کو مدد ملتی لیکن سست اور بے جان وکٹ کی وجہ سے انہیں آسٹریلیا کے ہاتھوں میں کھیلنا پڑا۔ کپتان الیسٹر کک نے بھی لارڈس کی وکٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سیریز میں روایتی انگلش وکٹ پر کھیلنے کی خواہش رکھتے تھے لیکن وہ اتنی زیادہ انگلش ثابت نہیں ہو سکی۔ تیسرا ٹسٹ ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا اور گراؤنڈزمین گیری بارویل کا کہنا ہے کہ انہیں پچ کے حوالے سے کوئی ای میل موصول نہیں ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT