Sunday , October 22 2017
Home / Top Stories / سشماسوراج کی شیخ حسینہ اور دیگر وزرائے خارجہ سے خیرسگالی ملاقات

سشماسوراج کی شیخ حسینہ اور دیگر وزرائے خارجہ سے خیرسگالی ملاقات

نیویارک ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نے آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت سے قبل پانچ ممالک سے تعلق رکھنے والے اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کی جہاں انہوں نے باہمی تعاون اور ہندوستان کی ترقی کے ایجنڈہ پر بات چیت کی۔ سشماسوراج نے ٹیونیشیا، بحرین، لاٹویا، امارات اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان راویش کمار نے ایک نیوز کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قائدین کے درمیان باہمی تعاون بات چیت کا اہم موضوع رہا۔ انہوں نے تقریباً سبھی وزرائے خارجہ کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ بعدازاں انہوں نے وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ سے ملاقات کی۔ تاہم روہنگیا بحران کا موضوع دونوں قائدین کے زیربحث نہیں آیا کیونکہ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کا وقفہ انتہائی مختصر رہا۔ یاد رہیکہ اس وقت بنگلہ دیش ہی واحد ایسا ملک ہے جہاں روہنگیا مسلمانوںکی کثیر تعداد نے پناہ لے رکھی ہے۔ بنگلہ دیش نے بھی عالمی برادری سے اپیل کی ہیکہ وہ میانمار پر اس بات کا دباؤ ڈالیںکہ روہنگیا بنگلہ دیش کو ہجرت نہ کریں کیونکہ جس اعلیٰ پیمانے پر ہجرت کی جارہی ہے اس سے بنگلہ دیش کو بھی معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سشما سوراج سے ایوانکا کی نیویارک میں ملاقات
خاتون صنعتکاروں کی ترقی اور حیدرآباد میں مجوزہ کانفرنس پر تبادلہ خیال

نیویارک 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر اور مشیر ایوانکا ٹرمپ نے آج یہاں وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی۔ انھوں نے اپنے متعلقہ ملکوں میں صنعت، تجارت اور روزگار کے شعبوں میں خواتین کے موقف اور ان کی ترقی سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایواینکا کی قیادت میں امریکہ کا ایک وفد نومبر کے دوران ہندوستان میں منعقد شدنی نئے صنعت کاروں کی عالمی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ ایوانیکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر سشما سوراج سے ملاقات کی۔ بعدازاں ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’خاتون صنعتکاروں کی ترقی اور نئے صنعتکاروں کی مجوزہ عالمی کانفرنس 2017 ء کے علاوہ امریکہ اور ہندوستان میں افرادی قوت پر تبادلہ خیال کیا‘‘۔ ہندوستان اور امریکہ 28 تا 30 نومبر حیدرآباد میں جی ای ایس 2017 کی مشترکہ میزبانی کررہے ہیں۔ یہ کانفرنس دنیا بھر کے اُبھرتے ہوئے صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور بزنس قائدین کا سالانہ اجتماع ہوتی ہے۔ ایوانیکا نے مزید کہاکہ ’’ہندوستان کی ایک کامیاب اور کرشماتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا میں طویل عرصہ سے احترام کرتی رہی ہوں اور آج ان سے ملاقات میرے لئے ایک اعزاز ہے‘‘۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے ٹوئیٹ کیاکہ سوراج نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ایوانیکا کے مجوزہ دورہ ہند پر تبادلہ خیال کیا۔

TOPPOPULARRECENT