Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والوںکو 1.5 کروڑ ایل پی جی کنکشن

سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والوںکو 1.5 کروڑ ایل پی جی کنکشن

جاریہ مالیاتی سال کا نشانہ، خواتین کے نام پر کنکشن کی فراہمی ، 96 لاکھ افراد کی سبسیڈی سے دستبرداری : دھرمیندر پردھان

ودودرا (گجرات) ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت جاریہ مالیاتی سال سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں کی خاتون ارکان کو 1.5 کروڑ گیس کنکشن فراہم کرے گی۔ مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2016-17ء میں 1.5 کروڑ گیس کنکشن سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں کی خاتون ارکان کو فراہم کرنے کا نشانہ ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ 3 سال کے دوران مجموعی طور پر 5 کروڑ خواتین کو گیس کنکشن فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت نے یہ نئی پہل کی ہے اور وہ چاہتی ہیکہ خاتون رکن خاندان کو گیس کنکشن فراہم کئے جائیں ۔ سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کرنے وزیراعظم کی درخواست پر 96 لاکھ افراد نے اب تک رضامندی ظاہر کی ہے اور یہ رقم سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والی خواتین کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے میں استعمال کی جائے گی۔ حکومت نے مرکزی بجٹ 2016ء میں ان ایل پی جی کنکشن کی فراہمی کے مقصد سے 2000 کروڑ روپئے کی رقم مختص کی ہے۔ دھرمیندر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت خواتین کو دیہی علاقوں میں پرانے چولہے اور دھویں سے نجات دلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ پکوان کیلئے وقت کی بھی بچت ہوگی۔ اسکیم ’’اجالے کی کرن‘‘ کے تحت ہر ایل پی جی کنکشن پر 1600 روپئے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی مشاورت سے سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے اہل خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی۔

دھرمیندر پردھان نے بجٹ میں کئے گئے اس اعلان کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اس اسکیم سے خواتین اور ان کے بچوں کی صحت کے تعلق سے بھی بے شمار فوائد حاصل ہوں گے۔ انہیں ایک صاف ستھرا ماحول فراہم ہوگا اور یہ ماحولیات میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ عالمی صحت تنظیم کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دھرمیندر پردھان نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 5 لاکھ خواتین کی صاف ستھرا پکوان کا ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر اموات وبائی امراض کے علاوہ امراض قلب، اسٹروک، تنفسی عارضہ اور پھیپھڑوں کی کینسر کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے ہر گھر کو ایل پی جی کنکشن کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ اس سے سال 2016-17ء میں 1.5 کروڑ گھرانوں کو فائدہ ہوگا اور انہیں محفوظ ایندھن فراہم ہوسکے گا۔

TOPPOPULARRECENT