Friday , September 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سعادت حج کیلئے ہمیشہ دعا کرنے کی تلقین

سعادت حج کیلئے ہمیشہ دعا کرنے کی تلقین

نظام آباد:16؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی کے دفتر نزد مکہ مسجد احمد پورہ کالونی نظام آباد پر عازمین حج 2016 کیلئے مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر حج سوسائٹی نظام آباد کے ہاتھوں حج فارمس کی اجرائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا نے فرمایا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ وہ اپنے جس بندہ کو چاہتا ہے اپنے گھر کی زیارت کیلئے منتخب کرلیتا ہے اور اپنے مہمان کا شرف عطا کرتا ہے۔ اس کیلئے اسباب بھی کوئی اہمیت نہیں رکھتے ۔ اس لئے بندہ کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ دعا کرتا رہے کہ اللہ حج کی سعادت سے نوازے۔ ہر بندہ کو چاہئے کہ وہ اپنے دل میں حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو جاگزیں کرلے تاکہ اس محبت کے صدقہ میں روضہ اطہر پر حاضری نصیب ہوجائے۔ مولانا نے عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خدمت انجام دینے والے احباب کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج عمرہ و حج کے مناسک سیکھنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ عبادت تو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقہ پر ہی کی جائے ۔ عبدالشکور صدر سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کیلئے سہولتوں کی فراہمی ان کیلئے فارمس کی تکمیل و رہنمائی کا کام ہم سب کیلئے بڑی سعادت کی بات ہے۔ انہوںنے عازمین سے درخواست کی کہ وہ سب کیلئے دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ حج کی سعادت سب کو نصیب فرمائے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ پر حاضری ہمارا بھی مقصد ہو۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 5 سالوں سے حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام سینئر سٹیزن کے دفتر پر عازمین حج کی رہنمائی کا مرکز نہایت خوش اسلوبی سے کام انجام دے رہا ہے۔ اس مرکز پر عازمین کے فارموں کی تکمیل سے لیکر روانگی تک کے تمام مرحلوں پر مفت رہنمائی کی جاتی ہے۔جنرل سکریٹری حج سوسائٹی نظام آباد محمد نصیر الدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عطاء الرحمن قاسمی مرحوم نے 18 سال قبل حج سوسائٹی نظام آباد قائم فرمائی تھی تاکہ عازمین حج کی رہنمائی کا کام انجا م دیا جاسکے۔ 2005ء میں مولانا کے انتقال پر سید ولی اللہ قاسمی صدر حج سوسائٹی نظام آباد کی صدارت میں یہ سوسائٹی الحمداللہ اخلاص کے ساتھ رہنمائی کے فریضہ انجام دے رہی ہے ۔اس کیلئے شہر کے علاوہ ضلع کے دیگر مقامات پر بھی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔حج سوسائٹی کے تحت منتخب عازمین حج کیلئے تربیتی کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں اور مستند علماء کرام عمرہ و حج کے مناسک کی عملی تربیت فراہم کرتے ہیں ۔ ساتھ ہی حج سوسائٹی کی جانب سے شائع کردہ کتابیں اور لٹریچر بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے ۔ اس جلسہ میں نائب صدور حج سوسائٹی اشفاق احمد خان ، اظہر فاروقی،احمدعلی خان جرنلسٹ پبلسٹی سکریٹری، وسیم احمد خان خاز ن کے علاوہ خواجہ معین الدین سینئر سٹیزنس ویلفیر سوسائٹی جنرل سکریٹری، غوث الدین ، فیاض الدین، فضل اللہ کے علاوہ دیگر احباب و اراکین سوسائٹی کی کثیر تعداد نے اس جلسہ میں شرکت فرمائی۔

TOPPOPULARRECENT