Thursday , August 24 2017
Home / عرب دنیا / سعودی اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں کی صنعا پر بمباری

سعودی اتحادیوں کے لڑاکا طیاروں کی صنعا پر بمباری

صنعاء 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی شیعہ باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر جمعرات کو تباہ کن بمباری کی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق گذشتہ پانچ ماہ کے دوران شہر میں یہ سب سے تباہ کن بمباری ہے۔اطلاعات کے مطابق اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک کے سیاسی لیڈروں کے مکانوں اور فوجی ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔شہر میں ساری رات ایمبولینس گاڑیوں کے سائرن بجنے کی آوازیں گونجتی رہیں ۔اتحادی فورسز نے یمن میں پہلی مرتبہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کے دوران اپاچی ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا ہے۔اپاچی ہیلی کاپٹروں سے وسطی صوبے مارب میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تیس حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔مآرب میں دو روز قبل ہی تین عرب ممالک سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات اور قطر نے حوثیوں کے خلاف لڑائی کے لیے اپنے فوجی تعینات کیے ہیں۔اس صوبے میں جلاوطن صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان گذشتہ کئی روز سے لڑائی ہورہی ہے اور حوثی ان کی شدید مزاحمت کررہے ہیں۔یہ صوبہ تیل اور گیس کی دولت سے مالا مال ہے اور یہیں بجلی پیدا ہوتی ہے جو پورے ملک کو مہیا کی جاتی ہے۔عرب اتحاد میں شامل ریاستوں کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں ایران کے اثرورسوخ کے خاتمے کے لیے یمن میں جنگ لڑرہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT