Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / سعودی عرب میں بے روزگاروں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سعودی عرب میں بے روزگاروں کی حالت زار پر اظہار تشویش

پریشان حال افراد کی وطن واپسی کے اقدامات پر زور ، سشما سوراج کو محمد محمود علی کا مکتوب
حیدرآباد۔4اگست(سیاست نیوز)  نائب وزیر اعلی تلنگانہ محمد محمود علی نے سعودی عرب وزیر خارجہ سشما سوراج کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے سعودی عرب میں بے روزگاری کے بحران کے شکار فاقہ کش ہندوستانیوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا اورتمام پریشان حال ورکرس کے ساتھ وہاں موجود تلنگانہ عوام کیلئے بھی جنگی خطوط پر وطن واپسی کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی نے اپنے مکتوب میں سعودی عرب میں شدید معاشی بحران کے سبب  اچانک بے روزگار اور بے یار و مددگار ہوجانے والے ہندوستانی تارکین وطن کے متعلق رنج کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے  اپیل کی کہ وہ اپنے سعودی ہم منصب سے اس سلسلے میں مذاکرات کرتے ہوئے ان مضطرب افراد کیلئے قیام و طعام کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کو ’’ایگزیٹ ویزا‘‘  فراہم کرتے ہوئے ملک روانہ کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ سعودی عرب میں پریشان حال عوام میں 30 فیصد کا تعلق تلنگانہ سے ہے اور ان میں بڑی تعداد مزدور پیشہ افراد کی ہے جو وہاں پر روز مرہ اجرت پر کام کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں اور  وہاں کے کشیدہ حالات کی وجہ سے یہ لوگ اچانک بیروزگار اورفاقہ کشی پر مجبور ہیں اور یہاں ان کے ارکان خاندان کا بھی یہی حال ہے جو ان  کی صحیح سلامت واپسی کیلئے فکر مند ہیں اس لئے وزارت خارجہ سے اس سلسلے میں درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ان افراد کی تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلے میں بھی وہاں کے ذمہ داروں سے بات کرے  اور جتنی جلد ممکن ہو ریاست کے عوام کو واپس لانے کے عمل کا آغاز کریں۔

TOPPOPULARRECENT