Saturday , September 23 2017
Home / عرب دنیا / سعودی عرب میں ’مرس‘ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

سعودی عرب میں ’مرس‘ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

ریاض ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں حکام کے مطابق مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم یا مرس سے ملک میں مزید چار اموات ہوئی ہیں جس سے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ حکام نے تسلیم کیا ہے کہ وہ اس بیماری کے پھیلنے کے بارے میں تشویش مند ہیں کیونکہ سعودی عرب میں آئندہ ماہ 20 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے آرہے ہیں۔ خیال رہے کہ ماضی میں مرس انفیکشن سے مشرق وسطیٰ، یورپ اور ایشیا میں اموات ہوچکی ہیں۔ مرس وائرس سعودی عرب میں پہلی مرتبہ ستمبر 2012 میں منظرعام پر آیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مرس وائرس کے حالیہ واقعات دارالحکومت ریاض کے ایک ہاسپٹل سے پھیلے ہیں۔ واضح رہے کہ مرس نظام تنفس کو متاثر کرتا ہے جس کی وجہ سے بخار، سرسام یا نمونیا ہو جاتا ہے اور گردے ناکارہ ہو جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی سطح پر ستمبر 2012 سے اب تک مرس وائرس سے 515 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال بھی سعودی عرب میں حج سے قبل اس وائرس کا شکار ہوکر تقریباً 300 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT