Tuesday , October 17 2017
Home / Top Stories / سعودی عرب میں مہیب آگ ، 11 ہلاک

سعودی عرب میں مہیب آگ ، 11 ہلاک

200 زخمی ، عمارت میں ہندوستانیوں کے بشمول کئی بیرونی ورکرس بھی موجود تھے
الخبر۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے شہری دفاعی عہدیداروں نے کہا کہ 11افراد ہلاک اور 200دیگرزخمی ہوگئے جب کہ سرکاری تیل کمپنی سعودی آرمکو کی رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی ۔آرمکو کے بموجب آتشزدگی کا آغاز آج علی الصبح شہر خوبرمیںہوا ۔ تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے تاکہ وجہ معلوم کی جاسکے ۔ وزارت داخلہ کی جنرل ڈائرکٹریٹ برائے شہری دفاع نے کہاکہ الخبر کے کامپلکس میں لگی آگ میں کئی قومیت کے شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔ تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا ۔ کئی کمپنیوں کے تارکین وطن مزدور اس عمارت میں مقیم ہیں ۔سعودی عرب کے ایک ترجمان نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ متاثرہ عمارت کی چھت پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے۔ سعودی شہری دفاع کی وزارت نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ:’ کئی منزلہ عمارتوں کے ایک زیریں حصے میں کاروں

 

اور فرنیچر کو آگ لگنے کے نتیجے میں ہر طرف دھواں پھیلنے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘سعودی عرب میں زیادہ تر کمپنیوں کی طرح آرامکو کے پچاس ہزار سے زیادہ ملازمین میں اکثریت غیر ملکیوں کی ہے۔آرامکو کے مطابق اس نے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ ملازمین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ایک عینی شاہد محمد صدیق نے بتایاکہ انھوں نے اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے رہائشی کمپلیکس سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے اور وہاں ہیلی کاپٹر پروازیں کر رہے تھے۔ محمد صدیق کے مطابق انھوں نے کم از کم 30 ایمبولینس اور تین ہیلی کاپٹر دیکھے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ رہائشی کمپلیکس میں واقع عمارتیں قدرے نئی ہیں اور ان میں مغربی، ایشیائی اور سعودی شہری رہائش پذیر ہیں جبکہ آرامکو کمپنی کے گارڈز کے پاس اس کی سکیورٹی ذمہ داریاں ہیں۔ سعودی عرب میں اس سے پہلے بھی غیر ملکی ملازمین کی رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال مئی میں دارالحکومت ریاض میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں پانچ پاکستانی ہلاک ہو گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT