Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / سعودی عرب و مصر کے درمیان 17 معاہدوں پر دستخط

سعودی عرب و مصر کے درمیان 17 معاہدوں پر دستخط

باہمی روابط مزید مستحکم ہونے کی توقع ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مصر کا اعلیٰ ترین سیول ایوارڈ

قاہرہ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرماں رواشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں 17 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ ان میں رہائش، صحت، تجارت، پرامن ایٹمی توانائی اور بجلی کے شعبے شامل ہیں۔اس موقع پر مصری صدر نے خادم حرمین شریفین کو مصر کا اعلی ترین شہری اعزاز “النیل ایوارڈ” بھی عطا کیا۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور عبدالفتاح السیسی کے درمیان سربراہ بات چیت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سے قبل جمعرات کی شام دونوں شخصیات کے درمیان سربراہ ملاقات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں دوطرفہ خصوصی تعلقات اور خطے کے معاملات زیربحث آئے۔سعودی فرماں روا کا دورہ پانچ روز تک جاری رہے گا۔ شاہ سلمان کے حکمراں بننے کے بعد یہ ان کا مصر کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مملکت اور مصر کے درمیان خطے کے حوالے سے محوری حیثیت رکھنے والا اتحاد مضبوط تر ہوگا۔مصری ایوان صدر کا کہنا ہے کہ سعودی فرماں روا کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب کہ خطے کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ان میں متعدد عرب ممالک میں جاری شورشیں اور بحران شامل ہیں۔ ایسے وقت میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان مختلف علاقائی معاملات میں تعاون جاری رہنے کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔سعودی عرب نے مصر کے معاشی استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے بالخصوص سابق صدر حسنی مبارک کی معزولی کے بعد ملک میں جو حالات پیش آئے اُس وقت مصر ہی ایک ایسا ملک تھا جس نے معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں فراخدلانہ مدد کی ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورہ مصر سے یہ توقع وابستہ کی جارہی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ بالخصوص خلیج کی موجودہ صورتحال میں اس کی خاص اہمیت ہے۔

TOPPOPULARRECENT