Wednesday , September 20 2017
Home / عرب دنیا / سعودی عرب کا ایرانی فضائی کمپنی پرامتناع

سعودی عرب کا ایرانی فضائی کمپنی پرامتناع

ریاض ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوا بازی نے ایران کی فضائی کمپنی ماھان ایئر‘ کے مملکت کی فضاء اور ہوائی اڈوں کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایرانی کمپنی کے ساتھ ہرطرح کا تعاون ختم کردیا ہے۔ سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے زیرانتظام چلنے والی ’ماھان ایئر‘ کو یمن میں حوثی باغیوں اور شام میں صدر بشارالاسد کی معاونت کی پاداش میں سعودی عرب کی سرزمین اور فضاء استعمال کرنے سے روکا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فضائی فرم کو جاری کردہ تمام اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں جس کے بعد ماھان ایئر نہ تو سعودی عرب کی فضاء استعمال کرسکتی ہے اور نہ اسے مملکت کے کسی ہوائی اڈے پر اپنے جہاز اتارنے کی اجازت ہوگی۔ بیان میں کہا گیاہے کہ سعودی محکمہ شہری ہوابازی ملک میں فضائی نقل وحمل کے حوالے سے وضع کردہ قوانین پرسختی سے عمل پیرا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی ملک کی فضائی کمپنی کی جانب سے سعودی عرب کے قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایران کی ’’ماھان ایئر‘‘ کی جانب سے سعودی فضائی قوانین کی متعدد بار خلاف ورزی کی گئی جس کے بعد کمپنی کو جاری کردہ پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT