Monday , September 25 2017
Home / عرب دنیا / سعودی فورسز کیساتھ جھڑپیں، متعدد حوثی باغی ہلاک

سعودی فورسز کیساتھ جھڑپیں، متعدد حوثی باغی ہلاک

دبئی 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب اور یمن کے درمیان واقع سرحدی علاقے میں سعودی فورسز کے ساتھ جھڑپوں اور ان کی جوابی کارروائی میں متعدد حوثی باغی ہلاک ہو گئے ۔ سعودی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی علاقے میں دراندازی کے لئے حملہ کیا تھا لیکن سعودی فورسز نے ان کے حملے کو پوری قوت سے پسپا کر دیا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی ماضی میں بھی متعدد مرتبہ یمن سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں دراندازی کی ناکام کوششیں کر چکے ہیں۔ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد العسیری نے سرکاری ٹی وی سے نشر کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ‘حسب معمول حوثیوں نے سرحد میں دراندازی اور سعودی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن مسلح افواج ان کی نقل وحرکت کی کڑی نگرانی کر رہی تھیں اور ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے’۔ انھوں نے کہا کہ ‘دراندازی کرنے والوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ اب صورت حال بہتر ہے’۔ ٹی وی چینل کے مطابق احمد العسیری نے حوثیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے مہلوکین کی تعداد 180بتائی ہے مگر ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشا کے متعدد جنگجو سعودی فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سینکڑوں حوثی باغیوں نے سرحدی علاقے میں حملہ کیا تھا اور سعودی فورسز نے انھیں پسپا کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور راکٹوں کا استعمال کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT