Sunday , October 22 2017
Home / عرب دنیا / سعودی مساجد میں اعتکاف کیلئے رجسٹریشن قوانین سخت

سعودی مساجد میں اعتکاف کیلئے رجسٹریشن قوانین سخت

ریاض ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور ودعوت ارشاد نے دہشت گردی اور تخریب کاری کے خدشات کے تناظرمیں ماہ صیام کے دوران مساجد میں اعتکاف بیٹھنے والے حضرات کے لئے قوانین سخت کردیئے ہیں۔ حکومت نے ملک بھرکی مساجد کے آئمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعتکاف کے خواہشمند افراد کی مکمل چھان بین اور ان کے تمام کوائف کی سختی سے جانچ پڑتال کے بعد اعتکاف کے لئے رجسٹریشن کریں۔ آئمہ کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اعتکاف کے خواہشمند ہر شخص سے اس کا قومی شناختی کارڈ چیک کیاجائے۔ شناختی کارڈ کی ایک نقل مسجد انتظامیہ کے پاس بطور ثبوت لازمی رکھی جائے۔ اگر کوئی غیرملکی اعتکاف میں بیٹھنا چاہتا ہے تو اس کے لئے اس کے دیگر کوائف کے ساتھ کفیل کا اجازت نامہ بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے مساجد میں چندہ جمع کرنے اور فطرانہ لینے کی سختی سے ممانعت کردی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو عطیات اور فطرانہ کی رقوم ادا کریں۔ کوپن کے ذریعہ کسی کو چندہ دیا جائے اور نہ ہی فطرہ ادا کیا جائے۔ اگر کوئی غیرملکی روزہ داروں کی اجتماعی افطاری کا خواہاں ہو تو اسے پہلے مقامی حکومت سے اس کی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے علماء اور آئمہ مساجد کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ دعاؤں میں مسنون دعاؤں، دعائے قنوت اور قرآن وسنت میں بیان کردہ دعاؤں پر اکتفا کریں۔ دعا میں فرقہ وارانہ لب ولہجہ اختیار کرنے کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT