Thursday , August 17 2017
Home / عرب دنیا / سعودی مساجد میں فطرے اور چندوں کی وصولی پر امتناع

سعودی مساجد میں فطرے اور چندوں کی وصولی پر امتناع

ریاض۔ 21 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور ودعوت ارشاد نے دہشت گردی اور تخریب کاری کے خدشات کے تناظرمیں ماہ صیام کے دوران مساجد میں اعتکاف بیٹھنے والے حضرات کیلئے قوانین سخت کردیئے ہیں۔ حکومت نے ملک بھرکی مساجد کے آئمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعتکاف کے خواہشمند افراد کی مکمل چھان بین اور ان کے تمام کوائف کی سختی سے جانچ پڑتال کے بعد اعتکاف کیلئے رجسٹریشن کریں۔ آئمہ کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اعتکاف کے خواہشمند ہرشخص سے اس کا قومی شناختی کارڈ چیک کیاجائے۔ شناختی کارڈ کی ایک نقل مسجد انتظامیہ کے پاس بطور ثبوت لازمی رکھی جائے۔ اگر کوئی غیرملکی اعتکاف میں بیٹھنا چاہتا ہے تواس کیلئے اس کے دیگر کوائف کے ساتھ کفیل کا اجازت نامہ بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے مساجد میں چندہ جمع کرنے اور فطرانہ لینے کی سختی سے ممانعت کردی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو عطیات اور فطرانہ کی رقوم ادا کریں۔ کوپن کے ذریعے کسی کو چندہ دیا جائے اور نہ ہی فطرانہ ادا کیا جائے۔ اگر کوئی غیرملکی روزہ داروں کی اجتماعی افطاری کا خواہاں ہو تو اسے پہلے مقامی حکومت سے اس کی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT