Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / سعودی ولی عہد کوفرانس کا اعلی ترین قومی اعزاز

سعودی ولی عہد کوفرانس کا اعلی ترین قومی اعزاز

پیرس۔ 5 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کا دورہ پیرس اختتام پذیر ہو گیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے فرانسیسی صدر فرانسیس اولاند سے الیزے پیلس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر فرانس اور سعودی عرب کی کابینہ کے متعدد وزراء بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے شامی بحران، یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور مشرق وسطی میں امن کی بحالی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد فرانسیسی صدر نے سعودی ولی عہد کو ملک کا اعلی ترین سیول ایوارڈ’لیجن نیشنل آنرر‘ پیش کیا جو علاقے اور دنیا بھر میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شہزادہ محمد بن نایف کی کوششوں کا اعتراف تھا۔شہزادہ نایف نے  فرانسیسی وزیر دفاع جان لی ورجیان سے مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، شام میں عبوری سیز فائر، فوجی مشقوں میں اضافے اور یمن میں عرب اتحادیوں کے آپریشن جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔فرانسیسی وزیر داخلہ برنارڈ کازونوا اور وزیر خارجہ جان مارک ایروے نے بھی فرانسیسی دفتر خارجہ میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی اور دونوں فریقوں نے متعدد اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔فرانسیسی وزیر نے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کی خاطر کی جانے والی سعودی کوششوں میں اپنے ملک کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا

 

اور اس پر بات زور دیا کہ یمنی بحران کو سکیورٹی کونسل کی قرارداد 2216 کی روشنی میں جلد سے جلد حل کیا جانا چاہئے۔علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں فرانس اور سعودی عرب کے تعلقات کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے کیونکہ فرانس، سعودی عرب کا اہم یورپی اتحادی شمار کیا جاتا ہے۔ فلسطین۔اسرائیل امن مذاکرات کے آغاز کیلئے فرانس، سعودی عرب کی امداد پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے کیونکہ پیرس سمجھتا ہے کہ ریاض اس ’عرب امن منصوبے‘ کا محرک ہے جسکا اعلان 2002 کو بیروت میں عرب سربراہ اجلاس میں کیا گیا تھا۔ فرانس اور سعودی عرب کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم 10 ارب یورو سے زیادہ ہے۔ دونوں ملکوں کی مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد ریاض۔ پیرس پارٹنرشپ ایک نئے عہد میں اس وقت داخل ہوئی جب صدر فرانس گزشتہ برس مئی میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT