Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ’ سفاری پارک ‘ کی جنوری میں کشادگی

’ سفاری پارک ‘ کی جنوری میں کشادگی

چار نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ ، نہرو زوالوجیکل پارک میں سہولت فراہم کرنے محکمہ جنگلات کا اقدام
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : نہرو زوالوجیکل پارک میں موجود سفاری پارک کو جنوری 2016 میں عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے بموجب نہرو زوالوجیکل پارک میں موجود سفاری پارک کی سیر کے لیے محکمہ کی جانب سے 4 نئی سی این جی بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے 80 لاکھ روپئے بجٹ کی تخصیص بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔ سال گذشتہ سفاری پارک میں بس کے اچانک فیل ہوجانے کے سبب سیاحوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور اس واقعہ کے بعد سے سفاری پارک جہاں شیر اور ببر کھلے چھوڑے جاتے ہیں بس داخلہ پوری طرح سے ممنوع قرار دے دیا گیا تھا ۔ زائد از ایک سال سفاری پارک بند ہونے کے باعث نہرو زوالوجیکل پارک کو بغرض سیاحت پہنچنے والے عوام کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ عہدیداروں کے بموجب سیر و سیاحت کے علاوہ زوالوجیکل پارک پہنچنے والوں کو سفاری پارک کی سیاحت میں کافی دلچسپی ہوتی ہے اور گزشتہ ایک برس سے لوگ اس پارک کا مشاہدہ نہیں کرپارہے تھے ۔ شہر حیدرآباد میں موجود نہرو زوالوجیکل پارک میں 100 ایکڑ اراضی پر محیط سفاری پارک میں لیجانے والی دو بسوں کے خراب ہونے کے باعث گزشتہ ایک برس سے سفاری پارک میں سیاحوں کا داخلہ ممنوع تھا جس کی بنیادی وجہ سیاحوں کو اس علاقہ کی تفریح کروانے کا کوئی نظم و سہولت ہی موجود نہیں تھی گزشتہ ایک برس سے محکمہ جنگلات کے عہدیدار سفاری پارک کی دوبارہ کشادگی کے لیے دفتری کارروائیوں کی تکمیل میں لگے رہے اور اب حکومت نے اس مقصد کی تکمیل کے لیے 80 لاکھ روپئے کا خصوصی بجٹ منظور کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ حکومت کے اس اعلان کے بعد عہدیدار اب ماہ جنوری سے سفاری پارک کو عوام کے لیے کھول دینے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ سی این جی کے ذریعہ چلنے والی 4 بسوں کے ذریعہ اب سفاری پارک کی سیاحت کے انتظامات کیے جائیں گے اور اس بات کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے گا کہ بسوں کی زائد آمد و رفت کے ماحولیات پر اثرات مرتب نہ ہونے پائیں ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب سی این جی بسوں کے انتخاب کی بنیادی وجہ ہی علاقہ کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کے اقدامات کا آغاز ہے ۔ جنگل کے علاقہ کو آلودگی سے پاک رکھتے ہوئے قدرتی ماحول کی فراہمی کے ذریعہ سیاحوں کی بڑی تعداد کو سفاری پارک کی سیاحت کے لیے راغب کروایا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب نہرو زوالوجیکل پارک کے اس کھلے سفاری پارک میں 12 ببر اور 6 شیر موجود ہیں جو سفاری پارک میں آزادانہ گھومتے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT