Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / سفر حج پر فرقہ پرستوں کی دھمکیاں ، ریاستوں کو چوکس رہنے کی ہدایت

سفر حج پر فرقہ پرستوں کی دھمکیاں ، ریاستوں کو چوکس رہنے کی ہدایت

عازمین حج کیلئے ہر قدم پر مناسب سکیوریٹی فراہم کرنے کی ہدایت ، چیف سکریٹریز کو مرکز کا خفیہ مکتوب

حیدرآباد۔21 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں گائو رکھشکوں کی سرگرمیوں اور فرقہ پرست عناصر کی جانب سے سفر حج میں رکاوٹ پیدا کرنے کی دھمکیوں کے پیش نظر مرکز نے ریاستوں کو عازمین حج کیلئے خصوصی سکیوریٹی انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ عازمین حج کے قیام کے مقامات کے اطراف غیر متعلقہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے ‘ حج کیمپ سے ایرپورٹ کے سفر کے دوران عازمین کی صیانت کو یقینی بنانے اور ایرپورٹ پر بھی خصوصی نگرانی کی ہدایت دی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب مرکزی وزارت اقلیتی بہبود کے حج ڈیویژن نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز کو رازدارانہ مکتوب روانہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں اترپردیش کے بی جے پی رکن اسمبلی نے رام مندر کی تعمیر نہ ہونے کی صورت میں سفر حج میں رکاوٹ پیدا کرنے دھمکی دی تھی۔ گائو رکھشکوں کی سرگرمیوں کے پیش نظر صورتحال کی حساسیت کے تحت وزارت اقلیتی امور کے جوائنٹ سکریٹری جے عالم نے یہ خفیہ خط روانہ کیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ 21 امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین کی روانگی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سفر حج کے سلسلہ میں صورتحال کی نزاکت و حساسیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام ریاستوں کو عازمین کے محفوظ سفر اور قیام کو یقینی بنانے سکیوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ مکتوب میں 6 امور کی نشاندہی کرکے خصوصی سکیوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ حج ہائوز پہنچنے والے عازمین کو سفر کے راستے میں مناسب سکیوریٹی فراہم کی جائے اس کے علاوہ وہ سعودی عرب روانگی سے قبل ضروری امور کی تکمیل کے سلسلہ میں حج ہائوز میں قیام کے دوران ضروری صیانتی انتظامات کئے جائیں ۔ حج ہائوز کے اندرونی حصہ و اطراف میں مناسب سکیوریٹی تعینات کی جائے۔ ایرپورٹ کے احاطہ اور انبارگیشن پوائنٹ کے اطراف جہاں سے عازمین حج سعودی عرب کیلئے پرواز کریں گے، روانگی و آمد کے موقع پر مناسب سکیوریٹی فراہم کی جائے ۔ حج ہائوز اور ایرپورٹ کے احاطہ میں پارکنگ علاقہ میں سکیوریٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مرکزی حکومت نے والنٹرس اور حج کمیٹی کے اسٹاف کو ایرپورٹ پاسس کی اجرائی کے سلسلہ میں مناسب جانچ ؤ اسکریننگ کی ہدایت دی ہے تاکہ غیر متعلقہ افراد پاسس حاصل نہ کرسکیں۔ ایرپورٹ کے احاطہ سے غیر متعلقہ افراد کو دور رکھا جانا چاہئے۔ واضح رہے کہ مرکز کے اس خفیہ مکتوب سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو ہر قدم پر سکیوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں توجہ دلائی گئی ہے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستوں کے ایگزیکٹیو آفیسرس حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرکے مشورہ دیا کہ وہ حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں عازمین حج کو چوکس کردیں۔ عازمین رات دیر گئے سفر کرنے کے بجائے دن کے اوقات میں سفر کا مشورہ دینے کی خواہش کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT