Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / سفر حج کے اخراجات کی ادائیگی

سفر حج کے اخراجات کی ادائیگی

دوسری قسط کیلئے مہلت میں 10 جولائی تک توسیع کردی گئی

حیدرآباد۔19 جون (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے حج 2017ء کے منتخب عازمین حج کے لیے دوسری اور آخری قسط کی رقم ادا کرنے کی آخری تاریخ میں 10 جولائی تک توسیع کردی ہے۔ یہ تاریخ آج 19 جون کو ختم ہورہی تھی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے سرکولر جاری کرتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین زمرے کے منتخب عازمین کے لیے جملہ حج مصارف 2 لاکھ 35 ہزار 150 روپئے ہیں جن میں سے پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے ادا کیئے گئے۔ دوسری قسط کے طور پر 1 لاکھ 54 ہزار 150 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ عزیزیہ زمرے کے جملہ مصارف 2 لاکھ ایک ہزار 800 روپئے ہیں اور پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے کی ادائیگی کے بعد مزید ایک لاکھ 20 ہزار 800 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ رباط کے لیے منتخب عازمین حج کے جملہ سفری اخراجات ایک لاکھ 56 ہزار 900 روپئے جس میں سے 81 ہزار پہلی قسط کے طور پر ادا کیئے جاچکے ہیں۔ رباط کے منتخب عازمین کو دوسری اور آخری قسط کے طور پر 75 ہزار 900 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ شیرخوار بچوں کے لیے 12,650 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ شیعہ عازمین حج جن کی میقات جحفہ ہے انہیں 1739 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ ایسے عازمین جو اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی ادا کرنے کے خواہاں ہیں انہیں مزید 8000 روپئے جمع کرنے ہوں گے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک کی کسی بھی برانچ میں سنٹرل حج کمیٹی کے اکائونٹ میں یہ رقم جمع کردیں۔

TOPPOPULARRECENT