Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سفیر سعودی عرب متعینہ ہند ڈاکٹر سعودمحمد الساطی کا دورہ مکہ مسجد

سفیر سعودی عرب متعینہ ہند ڈاکٹر سعودمحمد الساطی کا دورہ مکہ مسجد

نماز جمعہ کے موقع پر خطاب، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، عمر جلیل اور دیگر کی بھی شرکت
حیدرآباد۔21اکٹوبر(سیاست نیوز) سفیر سعودی عرب متعینہ ہند ڈاکٹرسعود محمد الساطی نے تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے سفیر سعودی عرب ڈاکٹر محمد الساطی مکہ مسجد پہنچے جہاں انہوں نے منبرمکہ مسجد سے مصلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خادم الحرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اقطاع عالم سے مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ پہنچنے والے مسلمانوں کی خدمت میں مصروف ہیں اور سعودی شاہی گھرانہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت سے خوش ہوتا ہے۔ انہوں نے ہند۔سعودی خوشگوار تعلقات اور شہر حیدرآباد سے اپنی دیرینہ رفاقت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر حیدرآباد کو کافی پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو باعث مسرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد کا خطبہ جمعہ کافی پسند آیا۔ڈاکٹر  سعود محمد الساطی نے بتایا کہ برسہا برس سے سعودی عرب اللہ کے مہمانوں کی خدمت کر رہا ہے اور اس خدمت کو سعودی باشندے اعزاز تصور کرتے ہیں ۔ صلواۃ الجمعہ کے موقع پر مکہ مسجد میں سیکریٹری محکمہ ٔ اقلیتی بہبود جناب عمر جلیل‘ امام مکہ مسجد مولانا حافظ عثمان نقشبندی‘ صدر مفتی جامعہ نظامیہ مولانا مفتی محمد عظیم الدین‘ کانگریس قائد جناب معراج محمد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر سعود محمد الساطی نے شہر حیدرآباد کو مہمان نواز اور تاریخی شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس شہر کا بار بار دورہ کریں۔ انہوں نے اس خطاب کے دوران حیدرآباد اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کا بھی تذکرہ کیا۔ ان کے ہمراہ سعودی سفارتخانہ دہلی کے دیگر عہدیدارن بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT