Monday , August 21 2017
Home / دنیا / سلامتی کونسل میں دولت اسلامیہ کی مالی مدد مسدود کرنے کی قرارداد منظور

سلامتی کونسل میں دولت اسلامیہ کی مالی مدد مسدود کرنے کی قرارداد منظور

ماہانہ آمدنی 8 کروڑ ڈالرس کے ساتھ امیر ترین دہشت گرد تنظیم ،45 دن میں جامع رپورٹ طلب
اقوام متحدہ ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک کے وزرائے خزانہ نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی مالی مدد بند کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ اس قرارداد کا مسودہ اقوام متحدہ کی ہی ایک پرانی قرارداد پر مبنی ہے جو 1999 میں القاعدہ کے خلاف مالی پابندیوں کے لیے منظور کی گئی تھی۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کو ’مالی وسائل کی ترسیل روکنے کے لیے بھرپور اور فیصلہ کن‘ انداز میں کام کریں اور خاص طور اس پیسے کا راستہ بند کریں جو دولتِ اسلامیہ تیل اور نوادرات کی اسمگلنگ سے بنا رہی ہے۔ ماہرین کی اکثریت سمجھتی ہے کہ دولت اسلامیہ دنیا کی امیر ترین دہشت گرد تنظیم ہے۔ ایک تازہ ترین تحقیق کے مطابق اس گروہ کی ماہانہ آمدنی آٹھ کروڑ ڈالر ہے۔ نئی قرارداد کو قطعی شکل دینے کے لیے سلامتی کونسل کے رکن ممالک کا اجلاس جمعرات کو نیویارک میں ہوا۔ یہ اس عالمی ادارے کی 70 سالہ تاریخ میں ایسا پہلا اجلاس تھا

جس میں رکن ممالک کے وزرائے خزانہ نے حصہ لیا۔ اس اجلاس میں امریکہ اور روس کی جانب سے تیار کیے جانے والے مسودے کو قطعی شکل دے کر اس کی منظوری دی گئی۔ قراداد کے مطابق ایسا کوئی بھی فرد، گروہ یا ادارہ جو دولت اسلامیہ یا القاعدہ یا ان کے ساتھیوں کی مدد کرے گا اس کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کا اطلاق کیا جا سکے گا۔ ان پابندیوں میں اثاثوں کا منجمد کیا جانا اور سفر اور اسلحے کے حصول پر پابندیاں شامل ہوں گی۔ مسودے میں تمام ممالک حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی پابندیوں والی فہرست میں نئے نام شامل کرنے اور انتہا پسند تنظیموں کے بارے میں معلومات کے تبادلے کے سلسلے میں زیادہ ’مستعدی سے کام کریں۔‘ اس کے علاوہ قرارداد میں رکن ممالک سے کہا جا رہا ہے وہ 120 دنوں کے اندر بتائیں کہ انھوں نے دولت اسلامیہ کی مالی اعانت ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے کہا گیا ہے وہ دولت اسلامیہ کی آمدنی کے ذرائع سے متعلق 45 دنوں کے اندر ایک جامع رپورٹ پیش کریں۔

TOPPOPULARRECENT