Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / سلمان ، آصف کی سلیکشن میں حائل رکاوٹ دور، کوچ آرتھر کا مثبت موقف

سلمان ، آصف کی سلیکشن میں حائل رکاوٹ دور، کوچ آرتھر کا مثبت موقف

لندن ، 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد آصف اور سلمان بٹ کی سلیکشن پر غور کرنے کیلئے تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں منتخب کیا جا سکتا ہے۔ 2010ء کے لارڈز ٹسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم کا ارتکاب کر کے دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچانے والے محمد عامر، آصف اور سلمان کو جیل ہونے کے ساتھ ساتھ پانچ سال پابندی کی سزا بھی بھگتنی پڑی۔ گزشتہ سال تینوں کھلاڑیوں کی سزا کا خاتمہ ہوا لیکن صرف عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن ہو سکی جن کے ساتھ جرم کے وقت کم عمر ہونے اور کرکٹ حکام کے ساتھ تعاون کرنے پر رعایت برتی گئی۔ تاہم سلمان اور آصف کو کرکٹ کے دیگر حلقوں سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ بھی موقع دینے کیلئے تیار نظر نہیں آتا جس سے دونوں کھلاڑیوں کا کریئر عملاً ختم ہوتا نظر آ رہا تھا۔ تاہم آرتھر کا تازہ بیان دونوں کیلئے امید کی نئی کرن ثابت ہوا ہے۔ آرتھر نے برطانوی نشریاتی ادارہ سے گفتگو میں کہا کہ سب کیلئے دروازے کھلے ہیں، ایک مرتبہ وہ (سلمان و آصف) اپنی سزا بھگت چکے ہیں تو اب وہ سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں لیکن اس بات کا انحصار اُن کی فارم پر ہے کہ آیا وہ انہیں دوبارہ کھیلنے کی اجازت دیتی ہے یا نہیں۔

TOPPOPULARRECENT