Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / سلمان خان ، ہندوستانی اولمپک جتھے کے خیرسگالی سفیر مقرر

سلمان خان ، ہندوستانی اولمپک جتھے کے خیرسگالی سفیر مقرر

نئی دہلی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار سلمان خاں کو ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں حصہ لینے والے ہندوستانی جتھے کیلئے گُڈوِل ایمبیسڈر (خیرسگالی سفیر) کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ چار سال میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والے اولمپکس کیلئے اس قسم کی حیرت انگیز نامزدگی کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اولمپکس میڈلسٹس اور ریو کے اسٹار اتھیلیٹس جیسے خاتون باکسر میری کوم، ہاکی کپتان سردار سنگھ، شوٹر اپوروی چندیلہ اور دوسروں کی موجودگی میں سلمان خاں کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا۔ ہندوستانی اولمپکس اسوسی ایشن کی سرکاری مارکیٹنگ ایجنسی آئی او ایس اسپورٹس اینڈ انٹرٹینمنٹ کے عہدیداروں نے انڈین اولمپک اسوسی ایشن سے سلمان خاں کی وابستگی کی راہ ہموار کی۔ انڈین اولمپک اسوسی ایشن سے اپنی نئی وابستگی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے سلمان خاں نے کہا کہ ’’ریو اولمپک گیمس 2016ء میں حصہ لینے والے ہندوستانی جتھ کیلئے گڈ وِل ایمبیسڈر کی حیثیت سے انتخاب میرے لئے ایک عظیم اعزاز ہے‘‘۔ سلمان خاں نے مزید کہا کہ ’’ساری قوم اور ملک کے لئے یہ باعث فخر ہے کہ ہمارے اتھیلیٹس، اولمپکس کھیلوں میں بہتر سے بہتر مظاہرہ کررہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کی مزید اخلاقی مدد و حوصلہ افزائی کیلئے ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ سے ہاتھ ملانا ہوگا تاکہ ریو 2016ء میرے لئے بہترین ایونٹ ثابت ہوسکے‘‘۔ انڈین اولمپکس اسوسی ایشن کے صدر این رامچندرن نے کہا کہ ’’ان (سلمان) کی وابستگی نہ صرف اسپورٹس کے شائقین کیلئے پرکشش ہوگی بلکہ اولمپکس میں کھلاڑیوں کو متحرک کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی‘‘۔ اتھیلیٹس نے بھی اولمپکس سے سلمان کی وابستگی کا خیرمقدم کیا ہے۔ میری کوم نے کہا کہ ’’ہم سب کیلئے یہ ایک اہم لمحہ ہے کہ مسٹر سلمان خاں ریو اولمپکس میں ہمارے اولمپکس خاندان میں ایک رکن کی حیثیت سے شامل ہوئے ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT