Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / سلویٰ فاطمہ کو بیرون ملک پائیلٹ تربیت کے لیے گرانٹ

سلویٰ فاطمہ کو بیرون ملک پائیلٹ تربیت کے لیے گرانٹ

نیوزی لینڈ میں داخلہ پر رقمی اجرائی سے اتفاق ، اقلیتی بہبود کے اجلاس میں جائزہ
حیدرآباد ۔ 20۔ جولائی (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے پائلٹ کی ٹریننگ حاصل کرنے والی سلویٰ فاطمہ کو بیرون ملک ٹریننگ کیلئے گرانٹ جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اقلیتی بہبود کمیٹی کے اجلاس میں سکریٹری عمر جلیل نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پائلٹ ٹریننگ کیلئے جو رقمی منظوری دی ہے ، وہ برقرار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون ملک جن ایویشن اداروں میں ٹریننگ حاصل کرنا مقصود تھا ، وہاں بعض تکنیکی مسائل ہیں جس کی بناء پر لڑکی نے نیوزی لینڈ میں ٹریننگ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت رقم جاری کرتی ہے ، جب نیوزی لینڈ میں داخلہ حاصل کرلیا جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نیوزی لینڈ کے کسی ادارے میں داخلہ حاصل کرنے کے بعد حکومت رقم کو راست مذکورہ ادارہ کے اکاؤنٹ میں جاری کردے گی۔ واضح رہے کہ سلویٰ فاطمہ کی پائلٹ ٹریننگ میں روزنامہ سیاست کا نمایاں رول رہا ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی شخصی دلچسپی اور تعاون سے سلویٰ فاطمہ نے ابتدائی مرحلہ کی ٹریننگ مکمل کی ہے اور اب دوسرے اور قطعی مرحلہ کی ٹریننگ باقی ہے جس کیلئے چیف منسٹر نے رقمی امداد منظور کی ہے۔ اسی دوران ایوان کی کمیٹی نے کرسچن مشنری اسکولس میں اقلیتی طلبہ کے داخلوں کے بارے میں رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کو شکایات ملی ہیں کہ اقلیتی سرٹیفکٹس حاصل کرنے کے باوجود مشنری ادارے غیر اقلیتی طلبہ کو بڑی تعداد میں داخلے دے رہے ہیں۔ کمیٹی نے کرسچن فینانس کارپوریشن کو اقلیتی فینانس کارپوریشن میں ضم کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت نے علحدہ کارپوریشن قائم کیا جس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن سے تمام اقلیتی طبقات کی مدد کی جاسکتی ہے۔ کمیٹی نے کارپوریشن کے بجٹ کو اقلیتوں کی آبادی کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سفارش کی۔ حکومت کے تقررات سے متعلق تمام امتحانات میں اردو کا امتحانی پرچہ شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ سٹ ون کو محکمہ انڈسٹریز کے بجائے اقلیتی بہبود کے تحت کرنے کی تجویز پیش کی گئی تاکہ اقلیتوں کیلئے مختلف کورسس کا آغاز کیا جاسکے۔ حج ہاؤز میں کیریئر گائیڈنس اور رکروٹمنٹ گائیڈنس سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT