Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سماج میں استاد کو خاص مقام

سماج میں استاد کو خاص مقام

کوڑنگل میں یوم اساتذہ تقریب، موظف ہیڈ ماسٹر وحید اسیر کا خطاب

کوڑنگل /6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اپر پرائمری اسکول بوائز میں کل گیارہ بجے دن میٹنگ ہال میں مسٹر آشیا ہیڈ ماسٹر کی زیر صدارت یوم اساتذہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ موظف ہیڈ ماسٹرس وینکٹ سنگھ اور وحید اسیر نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ مددگار مدرس وینو گوپال اور کرشنیا نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ تقریب کے آغاز میں ایس ایم سی چیرمین سید شہباز پاشاہ قادری، سید علاء الدین عادل، ہیڈ ماسٹر مدرسہ اور دیگر اساتذہ کی جانب سے وحید اسیر اور وینکٹ سنگھ کی شال پوشی و گلپوشی کی گئی۔ اس موقع پر وحید اسیر نے خطاب کرتے ہوئے یوم اساتذہ کی وجہ تسمیہ پر روشنی ڈالی اور آنجہانی سروے پلی رادھا کرشنن سابق صدر جمہوریہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے اساتذہ کی قدر و منزلت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قدیم زمانے سے ہی دنیا کے ہر ملک اور قوم میں استاد کو ایک خاص مقام اور خصوصی درجہ حاصل رہا ہے، کیونکہ استاد، مرشد یا گرو کی بارگاہ میں نسل انسانی کی پرورش ہوتی ہے، یعنی اساتذہ قوموں کے ماضی، حال اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انسانی معاشرہ میں استاد کی اہمیت کے مدنظر ہر مذہب میں استاد کے احترام کی تعلیم ملتی ہے۔ وینکٹ سنگھ نے کہا کہ آنجہانی رادھا کرشنن کا ٹیچر سے ترقی کرتے ہوئے صدر جمہوریہ کے جلیل القدر عہدہ تک پہنچنا ٹیچروں کے لئے فخر کی بات تو ہے ہی، لیکن اس سے زیادہ فخر کی بات یہ ہے کہ خود صدر جمہوریہ کے عہدہ کو اہمیت حاصل ہوئی، یعنی ایک ٹیچر نے اس عہدہ کو قبول کیا۔ آخر میں طلبہ کی جانب سے اساتذہ کی گلپوشی کی گئی۔ وینو گوپال کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔

TOPPOPULARRECENT