Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / سماج وادیوں کا کام بولتا ہے ،مودی کو اکھلیش کا جواب

سماج وادیوں کا کام بولتا ہے ،مودی کو اکھلیش کا جواب

غریبوں کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا مگر لوگوں کو بینکوں کی قطاروں میں کھڑا کردیا۔ ریاستی حکومت متعدد اسکیمات کیساتھ تیار

فرخ آباد ۔14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا کہ سماجوادیوں کے کہنے اور کرنے میں فرق نہیں ہے ان کا’کام بولتاہے ‘۔ یادو نے آج ضلع فرخ آبادکے امرت پور علاقے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادیوں کا کام بولتا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجوادی لوگ صرف ریڈیو پر من کی بات نہیں کرتے وہ صرف کام کرتے ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مودی نے سال 2014  میں لوک سبھا انتخابات کے دوران کہا تھا کہ اچھے دن آئیں گے ۔کیا لوگوں کو اپنے ہی پیسوں کو لینے کے لئے لائن میں سارا دن کھڑے رہنا ہی اچھے دن ہیں ۔ بی جے پی حکومت اپنے وعدوں پر کھری نہیں اتری۔ نوٹوں کی منسوخی کے بہانے اس نے سب کو لائن میں لگا دیا۔ غریبوں کو 15 لاکھ روپے دینے کے نام پر بینک اکاؤنٹ کھلوا لئے ۔ سارا پیسہ جمع کرا لیا گیا۔ غریبوں کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ نہ سہی بلکہ 15 ہزار روپے ہی ڈلوا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی لائن میں لگنے سے کئی لوگوں کی جان چلی گئی۔ ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے دے کر مالی مدد فراہم کرنے کا کام کیا ۔ ریاستی حکومت نے غریب مزدور، خواتین کے فائدے کے لئے 102،108 ایمبولینس اور پولیس کی 100 ڈائل سروس شروع کی ہے ۔

پھر سے حکومت بننے پر ایک کروڑ لوگو ں کو بیوہ، معذور، اور سینئر سٹیزن پنشن ایک ہزار روپے کے حساب سے دلائی جائے گی۔ کسانوں کی حادثاتی انشورنس کی رقم پانچ لاکھ سے بڑھاکر سات لاکھ روپے کر دی جائے گی۔ مزدوروں کے لئے بھی حادثاتی انشورنس اسکیم شروع کی جائے گی۔ غریب خواتین کو پریشر کوکر اور پرائمری اسکول کے بچوں کو غذائیت سے بھرپور غذا کے طور پر دودھ، پھل اور گھی بھی دلانے کا بندوبست کیا جائے گا۔ اسمارٹ فون دے کر اس کے ذریعے سبھی کو سرکاری اسکیموں سے جوڑنے کا کام کیا جائے گا۔ روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے ۔ ایک لاکھ پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیسہ کبھی کالا دھن نہیں ہوتا بلکہ لین دین کالا؍ سفید ہوتا ہے ۔ باہمی تعاون سے ہی کالے دھن اور بدعنوانی پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سماج وادی پارٹی حکومت 55 لاکھ خواتین کو پنشن دے رہی ہے۔ بیواؤں اور معذور افراد کو بھی پنشن دے رہی ہے ۔ حکومت بننے پر سب کو ایک، ایک ہزار روپے پنشن دی جائے گی اور خواتین کو بس میں نصف کرایہ دینا پڑے گا۔ پرائمری اسکول کے بچوں کو کپڑے ، سلیٹ اور بیاگ دیئے گئے ہیں۔ بچوں کو اسکول میں ہر مہینے میں ایک بار دودھ کا پاوڈر اور ایک لیٹر دیسی گھی دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT