Thursday , September 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سماج کے معیار کو بلند کرنے میں اساتذہ کا اہم رول

سماج کے معیار کو بلند کرنے میں اساتذہ کا اہم رول

ظہیرآباد /29 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پروفیسر اردو آرٹس ایوننگ کالج حیدرآباد ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد نے یہاں مسلم شادی خانہ میں آئیٹا ضلع میدک کے زیر اہتمام منعقدہ ضلع کیڈر کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کا اصل مرکز اساتذہ ہیں ۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور سماج کے معیار کو بلند کرنا اساتذہ کا کام ہے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ معیار تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانے میں والدین طلباء اور حکومت کی شراکت داری بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں تعلیم برائے اخلاق کی بجائے تعلیم برائے معاش ہوگئی ہے ۔ معیاری تعلیم کیلئے جاریہ نظام تعلیم کو بدل کر ایک م تبادل نظام تعلیم لانے کی ضرورت ہے ۔ ایک ایسا نظام تعلیم مدون کیا جائے جو نئی نسل کو خدا شناس اور خود شناس بنائے اور اس کیلئے اساتذہ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے مضمون میں مہارت حاصل کریں اور طلباء کی بھی بھرپور اخلاقی تعمیر کریں ۔ کل ہند جنرل سکریٹری آئیٹا جناب احمد صدیقی ( نئی دہلی ) نے کہا کہ معیار تعلیم میں گراوٹ کے اسباب کو سمجھنا ، معیار تعلیم کو بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ، نظام تعلیم میں اخلاقی قدروں کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا تعلیم کے پیشے اور اساتذہ کے احترام کو قائم رکھنے کیلئے کوشش کرنا آئیٹا کے بنیادی مقاصد میں شامل ہیں ۔ صدر آئیٹا ضلع میدک جناب محمد عبدالکریم نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد 21 تا 30 نومبر کو منعقد شدنی کل ہند کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے راہ ہموار کرنا ہے ۔ توسیعی سکریٹری آئیٹا جناب انور خان نے ’’ حضورﷺ بحیثیت آئیڈیل و ہمہ جہتی شخصیت کے زیر عنوان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلعم نے ہر میدان میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور ان کی زندگی ہمارے لئے نمونہ ہے ۔ ہمیں تعلیمات محمدی ﷺ پر سختی سے عمل پیرا ہونا چاہئے ۔ صدر آئیٹا تلنگانہ و آندھراپردیش جناب محمد یقین الدین نے ’’ شخصیت کا ارتقاء تنظیمی نقطہ نظر سے ‘‘ کے زیر عنوان خطاب کیا ۔ سکریٹری آئیٹا تلنگانہ و آندھراپردیش جناب میر ممتاز علی صدر آئیٹا کرناٹک جناب محمد نظام الدین نے بھی مخاطب کیا ۔ اس کیڈر کانفرنس کا آغاز صدر آئیٹا میدک یونٹ جناب سید عزیز احمد کی تذیر بالقرآن سے ہوا ۔ صدر آئیٹا گریٹر حیدرآباد جناب محمد فیاض الدین نے چارٹ کے ذریعہ مہم کی منصوبہ بندی کی تفہیم کی ۔ جناب محمد اصغر حسین نے بھی مخاطب کیا ۔ سکریٹری آئیٹا ضلع میدک جناب محمد ریاض الدین نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ صدر آئیٹا ظہیرآباد یونٹ جناب سید یوسف کے اظہار تشکر پر کانفرنس پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ڈی اے سی ارکان مسرز عبدالسمیع ، عائشہ بیگم لکچرر ، محمد نظام الدین ، معز الدین ، امیر الدین ، ناظم الدین غوری ، محمد افتخار ، محمد معین الدین ، نظام الدین ، سید عبدالنعیم ، سید اظہرالدین ، قیصر غوری کے بشمول اساتذہ کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔

TOPPOPULARRECENT