Friday , July 21 2017
Home / Top Stories / سمندری طوفان سے متاثرہ ٹاملناڈو کیلئے خصوصی معاشی پیاکیج کا مطالبہ

سمندری طوفان سے متاثرہ ٹاملناڈو کیلئے خصوصی معاشی پیاکیج کا مطالبہ

خصوصی مالی پیاکیج آج ہی منظور کیا جائے :کانگریس ، بایاں بازو اور ڈی ایم کے
نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس، بایاں بازو اور ڈی ایم کے آج فوری معاشی پیاکیج کی منظوری کا مطالبہ کیا تاکہ سمندری طوفان سے متاثرہ ریاست ٹاملناڈو کو راحت رسانی کی جاسکے۔ یہ مطالبہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی جانب سے ردعمل ظاہر کرنے کی وجہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر حکومت کی جانب سے غور کیا جائے گا۔ جیٹلی نے کہا کہ سمندری طوفان ’’وردھا‘‘ کی وجہ سے چینائی میں اور پڑوسی اضلاع میں پھیلائی ہوئی تباہی پر مرکز بھی فکر مند ہے۔ یہ ایک سنگین بحران ہے جبکہ بعض پیشگی تیاریاں کی گئی تھیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں روانہ کی گئی تھیں اور فوجی کالم تعینات کئے گئے تھے۔ مرکز نے تیقن دیا کہ راحت رسانی کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ جیٹلی نے کہا کہ میں نے ارکان کی بات سنی ہے۔ میں اس پر غور کروں گا۔ انہیں راحت رسانی کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے۔ متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں سابق مرکزی وزیر فینانس کانگریس قائد پی چدمبرم نے کہا کہ مرکز کو چاہئے کہ حکومت ٹاملناڈو کے مطالبہ پر فوری ردعمل ظاہر کرے جس نے معاشی راحت رسانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت عام طور پر زیادہ رقم طلب کرتی ہے اور مرکز کم رقم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو چاہئے کہ آج ہی خصوصی مالی پیاکیج منظور کیا جائے۔ چدمبرم نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اے ٹی ایمس اور بینکوں کی برانچس میں رقم محفوظ رہے تاکہ عوام خود اپنی رقم جب چاہے حاصل کرسکے۔ سی پی آئی کے ڈی راجہ نے کہا کہ سمندری طوفان نے ٹاملناڈو کے کئی اضلاع بشمول چینائی کو تباہ کردیا ہے۔ کئی مواصلاتی لائنس تباہ ہوگئے ہیں اور کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔ اپوزیشن کے شوروغل کی وجہ سے راجیہ سبھا کا اجلاس بھی کل تک ملتوی کردیا گیا۔ارکان کرن رجیجو کے کرپشن میں ملوث ہونے کے خلاف ہنگامہ کررہے تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT