Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / سندھو نے اوکوہارا کو مسخر کرکے کورین اوپن خطاب جیت لیا

سندھو نے اوکوہارا کو مسخر کرکے کورین اوپن خطاب جیت لیا

جاپانی حریف سے گلاسگو شکست کا انتقام ،حیدرآبادی اسٹار شٹلرکو مودی اور ٹنڈولکر کی مبارکباد
سیئول۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک سلور میڈل یافتہ ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے کوریا اوپن سوپر سیریز کے سنسنی خیز فائنل میں آج ورلڈ چمپین نوزومی اوکوہارا کو حیرت انگیز طور پر شکست دے دی۔ 22 سالہ ہندوستانی اسٹار سندھو نے آٹھویں مقام کی حامل جاپانی تھربلر اوکوہارا کو 20-18، 11-21، 22-20 صبر و توانائی کا امتحان لینے والے سخت مقابلے میں شکست دی۔ ایک گھنٹہ 23 منٹ تک جاری رہنے والا یہ مقابلہ دراصل گزشتہ ماہ گلاسگو میں اس جاپانی حریف کا ہاتھوں سندھو کی شکست کا انتقام ثابت ہوا۔ تین ہفتوں سے بھی کم مدت میں ان دونوں کے درمیان دوسرے چوٹی مقابلے میں ایسے کسی سنسنی خیز نتیجہ کی کھیل کے آغاز سے قبل ہی توقع کی جارہی تھی۔ بیڈمنٹن ورلڈ چمپین شپس کے گزشتہ ماہ کھیلے گئے ویمنس سنگلز کے ایک سب سے بڑا مقابلے میں اوکوہارانے ایک گھنٹہ اور 50 منٹ کے کھیل میں سندھو کو شکست دی تھی۔ سندھو کے لئے آج کا چوٹی مقابلہ اس لئے بھی کافی سنسنی خیز اور حوصلہ افزا ثابت ہوا کہ سندھو نے عظیم تر ثابت قدمی بلکہ حریف کی ہر کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بڑی حد تک سخت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جس کے ذریعہ انہوں نے اپنے کیریئر کی تیسری سوپر سیریز کیلئے اپنے دعویٰ پر کامیابی کی مہرثبت کردی۔ عالمی نمبر 4 سندھو نے 2016ء میں چائنا سوپر سیریز پریمیئر اور انڈین اوپن سوپر سیریز کے علاوہ اس سال سید مودی گراڈ پری پر اپنی جیت کی مہر لگائی تھیں

اور اب انہوں نے آسٹریلین اوپن اور ورلڈ چمپین شپس میں کامیابی کے بعد لگاتار تیسری خطابی جیت سے اوکوہارا کو محروم رکھا۔ اس فتح نے سندھو کو اوکوہارا کے خلاف اپنا ریکارڈ 8 مقابلوں میں 4-4 سے برابر کرنے میں مدد کی۔ اسی دوران وزیراعظم نریندر مودی اور کرکٹ کے افسانوی اسٹار سچن ٹنڈولکر نے اسٹار انڈیا شٹلر پی وی سندھو کو سیئول میں منعقدہ کوریا اوپن سوپر سیریز میں شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہیں۔ سندھو نے اپنی جاپانی حریف اور عالمی چمپین نوزومی اوکوہارا کو ویمنس سنگلز کے سنسنی خیز فائنل میں حیرت انگیز شکست دی ہے۔ وزیراعظم ہند کے دفتر (پی ایم او انڈیا) نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’’کورئین اوپن سیریز میں فاتح کی حیثیت سے اُبھرنے پر پی وی سندھو کو مبارکباد ہندوستان ان کے اس کارنامہ پر بے پناہ فخر کرتا ہے: پی ایم‘‘ وزیر اسپورٹس راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے بھی ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ ’’پی وی سندھو کیا خوب کھیل تھا! کورین سوپر سیریز میں فتح پر مبارکباد! ہندوستان آپ پر فخر کرتا ہے۔ فتوحات کا سلسلہ کبھی ختم نہ ہو‘‘۔ ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’’آپ پہلے کوشش کیں لیکن ناکام رہیں، آپ نے یقین کو برقرار رکھا ،بالآخر آپ (اس کامیابی) کے ساتھ قوم کے لئے ایک ترغیب و اُمنگ دینے والی بن گئیں کہ (آپ نے ایک ایسی) فتح دلائی جیسی اور کوئی نہیں۔

TOPPOPULARRECENT