Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / سندھو کا ملائیشیا ماسٹرس گرانڈ پری گولڈ ٹائٹل پر قبضہ

سندھو کا ملائیشیا ماسٹرس گرانڈ پری گولڈ ٹائٹل پر قبضہ

پینانگ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیاڈمنٹن ورلڈ چمپین شپ مقابلوں میں دو مرتبہ برونز میڈل یافتہ پی وی سندھو نے رواں سال کے کھیلوں میں شاندار آغاز کرتے ہوئے ملائیشیا ماسٹرس گرینڈ پری گولڈ ٹائٹل پر قبضہ کرلیا۔ سندھو نے آج یہاں کھیلے گئے فائنل میں اسکاٹ لینڈ کی کرسٹن گلمور کو شکست دے دی۔ ہندوستانی بیاڈنٹن رینکنگ میں تیسرے مقام کی حامل سندھو کو 2013ء میں کرسٹی کے ہاتھوں فرنچ اوپن میں شکست ہوگئی تھی لیکن پانچویں گرینڈ پری فائنل کے 32 منٹ تک جاری رہنے والے کھیل میں انہوں نے کرسٹی کو 21-19، 21-15 سے شکست دے کر نہ صرف انتقام لے لیا بلکہ یہ بھی ثابت کردیا کہ وہ ویمنس سنگلز میں ہندوستان کی سب سے بہترین شٹلر ہیں۔ یہ ان کا دوسرا ملائیشیا ماسٹرس گرینڈ پری گولڈ ٹائٹل ہے۔ 2013ء میں بھی انہوں نے اس کے ایک مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ مکاؤ اوپن گرینڈ پری گولڈ کے گزشتہ سال نومبر میں منعقدہ مقابلہ میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ اس خطابی کامیابی کے بعد فرطِ مسرت سے سرشار سندھو نے کہا کہ ’’یہ ایک عظیم کامیابی اور سیزن کی شاندار شروعات ہے۔ میں نے اچھا کھیلا اور فائنل میں کامیابی کا یقین تھا۔ بلاشبہ سیمی فائنل ایک سخت مقابلہ تھا جس میں کامیابی سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے کسی آسان فائنل کی توقع نہ تھی۔ میں ان (کرسٹی) کے ساتھ 2013ء میں کھیل چکی ہوں لیکن آج کا میچ کچھ مختلف تھا اور اب میں بھی ایک مختلف کھلاڑی ہوں۔ میں نے سبقت حاصل کی لیکن اس پر اکتفا نہیں کیا چنانچہ یکطرفہ کھیل ثابت ہوا‘‘۔

TOPPOPULARRECENT