Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / سندھو کی آج حیدرآباد آمد پر پرتپاک استقبال

سندھو کی آج حیدرآباد آمد پر پرتپاک استقبال

کے ٹی آر کی نگرانی میں انتظامات مکمل ، گچی باؤلی اسٹیڈیم میں تہنیتی تقریب
حیدرآباد ۔ 21 اگسٹ ۔ ( پی ٹی آئی ) ریو اولمپکس 2016 ء کے ویمنس سنگلس بیاڈمنٹن فائنل مقابلے میں سلور میڈل یافتہ حیدرآبادی شٹلر پی وی سندھو کی پیر کی صبح برازیل سے شہر واپسی کے موقع پر حکومت تلنگانہ نے اُن کے سرکاری طورپر پرتپاک استقبال کی تیاریاں کی ہے۔ سندھو کی راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر آمد کے موقع پر عظیم الشان استقبال کیا جائے گا ۔ بعد ازاں پی وی سندھو ایک کھلی جیپ میں سوار ہوں گی اور اُن کے ساتھ کاروں اور موٹر سیکلوں کی ایک بڑی ریالی شمس آباد ایرپورٹ سے گچی باؤلی اسٹیڈیم روانہ ہوگی جہاں سرکردہ بیاڈمنٹن کھلاڑی کو پراثر تہنیت پیش کی جائے گی ۔ توقع ہے کہ اس یادگار موقع پر اسپورٹس کے ہزاروں شائقین ایرپورٹ پر جمع ہوں گے ۔ تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ استقبالیہ کی قیادت کریں گے ۔ اس ضمن میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے گزشتہ روز سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے کابینہ کے ایک اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ سندھو کی 22 اگسٹ کو حیدرآباد آمد کے موقع پر حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر استقبال کیا جائے گا ۔ حیدرآباد کے کلکٹر راہول بُجا ، جی ایچ ایم سی کمشنر بی جناردھن ریڈی نے مختلف محکمہ جات کے سربراہان کے ساتھ آج استقبالیہ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سندھو کے ساتھ شامل ہونے والے قافلے کے راستوں کا معائنہ کیا گیا ۔ این ایس ایس کے مطابق وزیر سینماٹوگرافی ٹی سرینواس یادو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھو کو فخر ہند اور تلنگانہ کی دختر قرار دیااور کہا کہ اُنھوں نے اپنی کامیابی کے ذریعہ ملک اور ریاست کو فخر کااحساس فراہم کیا ہے ۔ سندھو کے ساتھ برازیل سے ریاستی وزیر اُمور اسپورٹس و نوجوانان پدما راؤ گوڑ، معتمد سیاحت بی وینکٹیشم ، پولیلا گوپی چند اور دوسرے بھی کل صبح حیدرآباد پہونچیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT