Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / سنسنی خیز فائنل میں حیدرآباد نے کامیابی حاصل کی

سنسنی خیز فائنل میں حیدرآباد نے کامیابی حاصل کی

حیدرآباد ۔ 26 جولائی ۔ (ای میل ) اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا اور اسکول اسپورٹس پرموشن فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چمپیئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ اسکولس نے محبوب نگر فٹبال ٹیم کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دی ۔ مذکورہ ٹورنمنٹ کے فائنل میں رسائی سے قبل حیدرآباد ڈسٹرکٹ اسکولس نے پہلے سیمی فائنل میں رنگاریڈی کو 2-0 سے شکست دی تھی جس میں فاتح ٹیم کیلئے شعیب اختر اور شوبھم سنگھون نے گول بنائے ۔ بعد ازاں دوسرے سیمی فائنل میں محبوب نگر ڈسٹرکٹ اسکولس نے کریم نگر ڈسٹرکٹ اسکول کی ٹیم کو 1-0 سے شکست دی جس میں سریکانت ریڈی نے 53 ویں منٹ میں فیصلہ کن گول بنایا ۔ سیمی فائنل کی فاتح ٹیموں کے درمیان جمخانہ گراؤنڈ پر شام کے وقت فائنل مقابلہ کھیلا گیا جس میں حیدرآباد اور محبوب نگر کی ٹیموں نے انتہائی مسابقتی اور تیز کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ابتدائی نصف مرحلے میں دونوں ہی ٹیمیں گول بنانے میں ناکام رہی ، لیکن پچاسویں منٹ میں سیف انصاری کے پاس پر شوبھم نے ہیڈر کے ذریعہ ایک شاندار گول کرتے ہوئے ٹیم کو فیصلہ کن سبقت دلائی لیکن مقابلے کے اختتام سے عین دو منٹ قبل ونئے کمار نے گول کرتے ہوئے مقابلے کو 1-1 سے مساوی کردیا تھا ۔ مقررہ وقت میں نتیجہ حاصل نہ ہونے کے بعد فاتح ٹیم کے فیصلے کیلئے پینالٹی شوٹس کا فیصلہ کیا گیا جس میں حیدرآباد کے گول کیپر مہدی علی نے محبوب نگر کے کھلاڑیوں کے دو حملوں کو ناکام بنایا ، جس کی بدولت حیدرآباد کی ٹیم ایس ایس ایف پی انٹر ڈسٹرکٹ اسکول فٹبال چمپیئن شپ کا اعزاز حاصل کی ۔ تقریب انعامات تقسیم میں اسکولس اتھاریٹی آف انڈیا کے ریجنل ڈائرکٹر ، انڈر 17 فیفا ورلڈ کپ کے ڈائرکٹر اور ایس ایس پی ایف کے چیرمین سابق اولمپین ایس ایس حکیم نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر جیسو راج ، ایس اے متین ، لیاقت الدین خان ، مسیح خان ، مسٹر اے علی خان اور دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں۔

TOPPOPULARRECENT