Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ 6 رنز سے فاتح

سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ 6 رنز سے فاتح

کرائسٹ چرچ ۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر کی عمدہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو دوسرے ونڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6  رنز سے شکست دے کر مہمان ٹیم کی لگاتار 12 فتوحات کا سلسلہ بھی ختم کردیا۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو لیتھم کی شکل میں مہمان ٹیم کو ابتدا میں ہی کامیابی مل گئی جبکہ اسکور 53 تک پہنچا تو دوسرے اوپنر ڈین براؤن لی بھی پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر کیویز کی سب سے تجربہ کار جوڑی روس ٹیلر اور کین ولیمسن وکٹ پر اکٹھے ہوئے اور سنچری شراکت قائم کر کے ٹیم کو اچھے اسکور کیلئے بنیاد فراہم کی۔ولیمسن 69 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو چند رنز کے اضافے سے نیل بروم نے بھی واپسی کی راہ لی۔چار وکٹیں گرنے کے بعد ٹیلر کا ساتھ نبھانے جمی نیشام آئے اور دونوں نے 123 رنز جوڑ کر نیوزی لینڈ کو 289 رنز کے معقول اسکور تک رسائی دلائی۔ ٹیلر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 102 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی جبکہ نیشام نے 71 رنز بنائے۔ٹیلر نے اپنی اننگز میں 110 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 8 چوکے بھی شامل ہیں۔دوسری جانب نیشام نے اپنی نصف سنچری میں تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہر کیا جیسا کہ انہوں نے صرف 57 گیندوں میں 71 رنز بنائے تاہم وہ صرف 6 چوکے ہی لگا پائے۔ میزبان کپتان ولیمسن نے 75 گیندوں کو اپنی اننگز میں 6 چوکے مارے۔ جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ابتدا میں ہاشم آملا کی وکٹ گرنے کے بعد سے مستقل مشکلات سے دوچار رہی اور کسی بھی موقع پر کوئی بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہی۔ایک موقع پر جنوبی افریقہ کی آٹھ وکٹیں 214 رنز پر گر گئی تھیں  لیکن ڈیوین پریٹوریس نے اندیل فلکوایو کے ساتھ مل کر ایک عمدہ شراکت قائم کی اور اپنی ٹم کو ہدف کے انتہائی قریب پہنچا دیا۔افریقہ کو آخری دو اوورز میں فتح کیلئے 20 رنز درکار تھے لیکن ٹرینٹ بولٹ نے عمدہ 49 واں اوور کرتے ہوئے تمام چھ گیندیں یارکر کی اور اوورز کی آخری گیند پر پریٹوریس کی مزاحمت 50 رنز پر ختم کردی اور اور اگلے اوور کی آخری دو گیندوں پر چوکے کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوور میں 283 رنز بنا سکی۔کوئنٹن ڈی کوک57، اے بی ڈی ویلیئرز 45، جین پال ڈومینی 34 اور فلکوایو نے 29 رنز بنائے۔اس میچ میں چھ رنز سے کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی لگاتار 12 فتوحات کا سلسلہ بھی رک گیا اور سیریز بھی 1-1 سے برابر ہو گئی۔ ٹیلر کو سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT