Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / سنچورین ٹسٹ: جنوبی افریقی ٹیم میں کُک شامل

سنچورین ٹسٹ: جنوبی افریقی ٹیم میں کُک شامل

جوہانسبرگ۔19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف مسلسل ناکامیوں کے بعد سنچورین میں ہونے والے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹسٹ کے لئے نئے بیٹسمین  اسٹیفن کک کو ٹیم میں شامل کرلیا جبکہ انگلش ٹیم فاسٹ بولر اسٹیون فن سے محروم ہوگئی ہے۔ اسٹیفن کک جنوبی افریقہ کے سابق ٹسٹ اوپنر جمی کک کے بیٹے ہیں، انھوں نے ٹسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ اے ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ناقابل شکست 53 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ نے 33 سالہ کک کو چار روزہ ڈومیسٹک میچوں میں 83 کی اوسط سے 2 سنچریوں کے ساتھ 415 رنز بنانے پر ٹیم میں جگہ دی ہے جبکہ کک نے ڈومیسٹک کے گزشتہ سیزن میں63.50 کی اوسط سے 889 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست کے بعد تسلیم کیا کہ مخصوص اوپنر کی عدم موجودگی کے باعث ٹیم کمزور ہے۔ افریقی ٹیم کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک گھٹنے کے زخم کی وجہ سے  ٹسٹ سے باہر ہو گئے تھے جبکہ ان کی جگہ تیسرے ٹسٹ کیلئے جنوبی افریقی ٹیم میں ہنگامی بنیادوں پر شامل کئے گئے ڈین ولاس کو خارج کردیا گیا ہے۔ کندھے کے زخم کا شکار ڈیل اسٹین ابھی تک مکمل صحتیاب نہیں ہو سکے لیکن اس کے باوجود انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اے بی ڈی ولیئرز(کپتان)، کائل ایبٹ، ہاشم آملہ، ٹمبا بیووما، اسٹیفن کک، کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، جے پی ڈومینی، فاف ڈوپلیسی، ڈین ایلگر، مورنی مورکل، کرس مورس، ڈین پیڈٹ، کیگیسو ربادا، ریلی روسو، ڈیل اسٹین، اسٹیان وین ایل، ہارڈس ویلوئین۔ انگلینڈ نے زخمی اسٹیون فن کی جگہ فاسٹ بولر لیام پلنکٹ کو ونڈے اور  ٹوئنٹی20  سیریز کے لئے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ فن ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل ممکنہ طور پر فٹ ہو جائیں گے۔ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ پہلے ہی2-0  سے اپنے نام کر چکا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹسٹ جمعہ سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT