Friday , June 23 2017
Home / شہر کی خبریں / سنگاریڈی تاریخی اعتبار سے جذباتی یادگار مقام

سنگاریڈی تاریخی اعتبار سے جذباتی یادگار مقام

راہول گاندھی کے جلسہ عام کیلئے مقام کا انتخاب، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 20 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے جلسہ عام کا انعقاد کرنے کیلئے سنگاریڈی کا انتخاب کرنے کے پیچھے کئی جذباتی یادیں اور تاریخی واقعات ہیں۔ اس مقام سے خطاب کرتے ہوئے آنجہانی اندرا گاندھی نے 1980ء کے دوران سارے ملک میں کانگریس کا احیاء کیا تھا۔ راہول گاندھی 38 سال بعد دبارہ وہی تاریخ دہرائیں گے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ کل سنگاریڈی میں اسی گراونڈ کا معائنہ کرچکے ہیں جہاں سے آنجہانی اندرا گاندھی نے  خطاب کیا تھا اور 1980ء میں 7 ویں لوک سبھا کیلئے حلقہ پارلیمنٹ میدک سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے بحیثیت وزیراعظم ملک کی نمائندگی کی تھی۔ رائے بریلی سے بھی کامیاب ہونے کے باوجود اندرا گاندھی نے اپنے لئے میدک کا انتخاب کیا تھا۔ اسی گراونڈ پر یکم ؍ جون کو راہول گاندھی عوام سے  خطاب کریں گے۔ اس جلسہ عام کو پرجاگرجنا سے موسوم کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کا اس گراونڈ سے جذباتی لگاؤ ہے جس سے 1980ء میں کانگریس پارٹی دوبارہ بہت بڑی طاقت بن کر ابھری تھی۔ ایک مرتبہ میدک سے منتخب ہونے کے بعد اندرا گاندھی نے اپنی آخری سانس تک ضلع میدک سے اپنا تعلق رکھا تھا۔ کانگریس پارٹی نے راہول گاندھی کا جلسہ عام منعقد کرنے کیلئے کئی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد سنگاریڈی کا انتخاب کیا ہے۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے بھی اسی کا لحاظ رکھتے ہوئے 2 جون 2014ء کو 60 سالہ قدیم مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ یکم ؍ جون کو راہول گاندھی کے جلسہ عام منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ اندرا گاندھی کے میدک انتخابی الیکشن کے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پہلے تصویری نمائش کا معائنہ کریں گے۔ بعدازاں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ہم امید کرتے ہیں سنگاریڈی میں راہول گاندھی کی تقریر تاریخی ہوگی۔ اس جلسہ عام سے مرکز کی این ڈی اے اور ریاست کے ٹی آر ایس حکومتوں کی ناکامیوں کا پردہ فاش کیا جائے گا اور ساتھ ہی راہول گاندھی آئندہ الیکشن کیلئے تلنگانہ کے روڈمیاپ کا بھی رسم اجراء انجام دیں گے۔ دونوں حکومتوں کے خلاف کانگریس کے نائب صدر چارج شیٹ بھی جاری کریں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جلسہ عام میں لاکھوں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT