Tuesday , September 26 2017
Home / اضلاع کی خبریں / سنگاریڈی میں ٹیٹ کے انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل

سنگاریڈی میں ٹیٹ کے انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل

سنگاریڈی /21 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈی ای او ضلع سنگاریڈی وجئے کماری نے جدید کلکٹریٹ میٹنگ ہال سنگاریڈی میں 23 جولائی کو منعقد شدنی ٹیٹ امتحانات کے کامیاب انعقاد کیلئے ٹیٹ امتحانی مراکز کے چیف سپرنٹنڈنٹس اور ڈپارٹمنٹل عہدیدار کے ایک خصوصی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں ۔ ڈی ای او وجئے کماری نے کہا کہ 23 جولائی منعقد شدنی ٹیٹ امتحانات میں ضلع سنگاریڈی کے 12289 امیدوار شرکت کر رہے ہیں ۔ پہلے پرچہ کیلئے 4500 امیدوار جبکہ دوسرے پرچہ میں 7773 امیدوار شرکت کریں گے ۔ ٹیٹ امتحانات صبح 9.30 تا دوپہر 12 بجے تک پرچہ اول اور 12.30 بجے تا شام 5 بجے تک پرچہ دوم منعقد ہوگا ۔ اس خصوص میں ضلع سنگاریڈی میں جملہ 33 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور پرامن امتحانات کے انعقاد کیلئے 33 چیف سپرنٹنڈنٹس 33 ڈپارٹمنٹل عہدیداروں کے علاوہ 14 روٹ آفیسرس کا بھی تقرر عمل میں لایا گیا ۔ ڈی ای او ضلع سنگاریڈی وجئے کماری نے کہا کہ ٹیٹ امتحانات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس خصوص میں محکمہ آر ٹی سی کے عہدیداروں کو خصوصی بسیں چلانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اوقات امتحان بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے محکمہ ٹرانسکو کو ہدایت دی گئی ۔ امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدوار وقت مقررہ پر امتحانی مراکز پہونچ جائیں ۔ الکٹرانک اشیاء امتحانی مراکز پر لانا سخت ممنوع ہے ۔ محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹیٹ امتحانات کے کامیابی انعقاد کو یقینی بنانے کے تمام تر اقدامات کرے ڈی ای او نے نگرانکار ( انویجلیٹرس ) کو ہدایت کی کہ وہ 22 جولائی کو جدید کلکٹریٹ آڈیٹوریم سنگاریڈی پہونچ کر ٹیٹ امتحانات سے متعلق میٹریل حاصل کرلیں ۔ اس موقع پر ضلع سنگاریڈی کے مختلف مقامات سے آئے ہوئے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT