Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / سنگاپور کے خلاف 5-0 کی کامیابی ، ہندوستان کوارٹر فائنل میں

سنگاپور کے خلاف 5-0 کی کامیابی ، ہندوستان کوارٹر فائنل میں

حیدرآباد ۔17 فروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان نے آج یہاں کھیلے گئے مقابلوں میں سنگاپور کو بہ آسانی 5-0 سے شکست دیتے ہوئے بیاڈمنٹن ایشیاء ٹیم چمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے رواں ٹورنمنٹ کا انتہائی شاندار آغاز کیا ہے جیسا کہ گروپ A میں پہلے مرحلہ کے مقابلوں میں اس نے چین کے بشمول دیگر حریف ٹیموں کو شکست دی ہے ۔ ہر مقابلہ تین سنگلز اور دو ڈبلز کے مقابلوں پر مشتمل ہے ۔ ہندوستان کیلئے کڈمبی سریکانت نے پہلے سنگلز مقابلے میں حریف ژی لنگ ڈیرک ووم کو بہ آسانی 21-16، 12-21 ، 21-13 سے شکست دی ۔ گچی باؤلی کے انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹورنمنٹ کے آج کے دوسرے مقابلے میں سنگاپور کے کھلاڑی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن عالمی نمبر 9 ہندوستانی کھلاڑی نے انھیں کامیاب ہونے نہیں دیا ۔ آج کے دوسرے سنگلز مقابلے میں ہندوستان کے کھلاڑی اجے جئے رام نے اپنے حریف کیانی یولو ہو کو بہ آسانی 21-11، 21-18 سے شکست دیتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو دوگنی کردی ۔ متواتر دو سنگلز مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈبلز کی جوڑی نے بھی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھا ۔ ہندوستان کی ڈبلز جوڑی مانو اٹاری اور سومیت ریڈی نے حریف جوڑی یانگ کائی ٹیری اور ہی کیانگ یانگ کو راست گیمس میں 21-15، 21-14 سے شکست دی ۔ بعد ازاں پرنئے جیری چوپڑہ اور اکشے دیواکر نے حریف کھلاڑیوں ڈینی باوا کرسٹیانا اور ہینڈریا وجیا کو 21-14، 21-13 سے شکست دی ۔ بعد ازاں 27 سالہ پرانوئے نے اپنے سنگلز مقابلے میں بھی ژنری ریان کو بہ آسانی 21-10، 21-12 سے شکست دی ۔ ہندوستان کی 5-0 کی شاندار کامیابی پر ٹیم کے قومی کوچ پی گوپی چند نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ۔

TOPPOPULARRECENT