Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / سنگاکارا کے خلاف حکمت عملی بنانا آسان نہیں:مصباالحق

سنگاکارا کے خلاف حکمت عملی بنانا آسان نہیں:مصباالحق

کراچی،کولمبو۔22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور کوچ وقاریونس نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے کمار سنگاکارا اور مائیکل کلارک کو عظیم کرکٹرز قرار دیا لیکن جن حالات میں مائیکل کلارک سبکدوش ہو رہے ہیں اس پر انھیں افسوس بھی ہے۔ مصباح الحق نے  ایک انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے سنگاکارا کو  2001  میں پاکستان اور سری لنکا کی اے ٹیموں کی سیریز میں پہلی مرتبہ کھیلتے ہوئے دیکھا تھا اور انھیں اسی وقت اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ آنے والے دنوں میں ایک اہم بیٹسمین کے طور پر سامنے آئیں گے۔ مصباح نے مزید کہاہے کہ سنگاکارا نے 15 سالہ کریئر میں جو ریکارڈز قائم کیے وہ بذات خود ان کی عظمت کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ سنگاکارا نے مہیلا جے وردھنے کے ساتھ مل کر سری لنکائی ٹیم کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس عرصے میں سری لنکا نے ان کی شاندار کارکردگی کے نتیجہ میں ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پانچ فائنلز کھیلے اور وہ بجا طور پر سری لنکن بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی رہے ہیں۔

پاکستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا ہیکہ  کہ وہ صرف سری لنکا نہیں بلکہ پوری کرکٹ کی دنیا کے لئے ایک اہم کرکٹر اور کھیل کے بہترین سفیر رہے۔کرکٹ کے میدان میں اور میدان سے باہر انھیں ہمیشہ پیار اور احترام سے دیکھا گیا۔علاوہ ازیں مصباح الحق نے کہا کہ مائیکل کلارک کی چھاپ آسٹریلیائی کرکٹ پر واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ان کی کپتانی میں آسٹریلیا نے ورلڈ کپ جیتا،گذشتہ ایشیز جیتی اور بحیثیت بیٹسمین بھی اپنی بہترین کارکردگی کے انمٹ نقوش چھوڑے۔بدقسمتی سے پچھلے کچھ عرصے سے وہ فٹنس مسائل کا شکار رہے جس کی وجہ سے انھیں کرکٹ چھوڑنا پڑی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ان کی نیک تمنائیں دونوں کرکٹرز سنگاکارا اور کلارک کے لئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ دونوں اپنے وداعی ٹسٹ  میں اچھی کارکردگی دکھاکر رخصت ہوں۔دریں اثناء پاکستانی کوچ وقار یونس نے کہا کہ کلارک ایک عظیم کھلاڑی ہیں لیکن جن حالات میں انہیں الوداع کہنا پڑرہا ہے وہ مایوس کن ہے۔

TOPPOPULARRECENT